چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت آئندہ عام انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں ،انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی سے متعلق اجلاس کا انعقاد

الیکشن کمیشن کا حکومت کی طرف سے حلقہ بندیوں کے سلسلے میں ضروری آئینی ،قانونی ترامیم نہ کرنے ،محکمہ شماریات کی جانب سے ضروری نقشہ جات ،ڈیٹا فراہم نہ کرنے پر تشویش کا اظہار

جمعہ 27 اکتوبر 2017 17:09

چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت آئندہ عام انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2017ء) چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا کی زیر صدارت جمعہ کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کا آئندہ عام انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی سے متعلق ہنگامی اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سیکرٹری لاء اینڈ جسٹس اور سیکرٹری شماریات ڈویژن کے علاوہ الیکشن کمیشن کے دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی ۔

الیکشن کمیشن نے اجلاس میں حکومت کی طرف سے حلقہ بندیوں کے سلسلے میں ضروری آئینی اور قانونی ترامیم نہ کرنے اور محکمہ شماریات کی جانب سے ضروری نقشہ جات اور ڈیٹا فراہم نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ۔ سیکرٹری لاء اینڈ جسٹس نے الیکشن کمیشن کو یقین دلایا کہ تمام ضروری آئینی اور قانونی ترامیم جلد از جلد مکمل کی جائیں گی تاکہ الیکشن کمیشن اپنا کام بر وقت مکمل کر سکے ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری شماریات ڈویڑن نے بھی الیکشن کمیشن کو فوری طور پر ضروری نقشہ جات اور ڈیٹا فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ الیکشن کمیشن نے دونوں اداروں کو سات (07) دن کا وقت دیا ہے کہ وہ اپنے اپنے کام کی تکمیل کویقینی بنائیں تاکہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داریاں مقررہ وقت پر پوری کر سکے۔ الیکشن کمیشن نے یہ بھی متنبہ کیا کہ تاخیر کی صورت میں الیکشن کمیشن ذمہ دار نہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :