عوام بجلی چوری کرنے اور کروانے والوں کی نشاندہی کریں،سپرنٹنڈنٹ انجینئر سیپکو

منگل 24 اکتوبر 2017 23:00

سکھر۔24اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2017ء) سپرنٹنڈنٹ انجینئر سیپکو خادم حسین لاڑا نے کہا ہے کہ عوام بجلی چوری کرنے اور کروانے والوں کی نشاندہی کریں، صارفین کے مسائل سے مکمل آگاہی ہے، محکمہ کے طریقہ کار کی وجہ سے صارفین کی تکالیف کے ازالے میں تاخیر ہورہی ہے، ڈیڈکشن بلز اور دیگر مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں ، عوام بجلی چوری کرنے اور کروانے والوں کی نشاندہی کریںتاکہ ان کے خلاف کارروائی عمل میںلائی جاسکے ۔

جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق ان خیالات کا اظہارانہوںنے سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن کی قیادت میںملنے والے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں مشرف محمود قادری، عبیداللہ بھٹو، غلام مصطفی پھلپوٹو، رضوان قادری، ڈاکٹر سعید اعوان، اکرم درانی، ظہیر بھٹی، منیر میمن، حسن قاضی، زبیر قریشی، شبیر میمن و دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے کہا کہ سیپکو صارفین کے مسائل کے حل میں کوتاہی برت رہی ہے جس سے عوام میں انتشار پایا جا رہا ہے، ماہانہ بنیاد پر صارفین کو ڈیڈیکشن لگائی جا رہی ہے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بھی کی جا رہی ہے، بار بار شکایات کے باوجود صارفین کے مسائل کا ازالہ نہیں ہو رہا،ایس ڈی اے کی جانب سے صارفین کے جمع شدہ ڈیڈیکشن بل اور ان کی مکمل فہرستوں کی فراہمی کے باوجود بھی محکمہ سیپکو ان کی درستگی کیلئے تیار نہیں ہے،افسوس کی بات تو یہ ہے کہ ڈیڈیکشن بلز کا اجراء مساجد و مدارس پر بھی کیا جا رہا ہے جس سے صارفین میں شدید بے چینی پھیلی ہوئی ہے۔

اس موقع پر ایس ای خادم حسین لاڑانے ناجائز ڈیڈیکشن بلوں کی درستگی کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ ایس ڈی اوز کو ہدایت کی کہ 15روز کے اندر اندر صارفین کی جائز شکایات کا ازالہ کیا جائے بصورت دیگر اس میں غفلت برتنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :