واٹربورڈ کے خصوصی ڈیمالیشن اسکواڈ نے واٹربورڈ کی کنڈیوٹ کی اراضی پر قبضہ کی کوشش ناکام بنادی

مشینری کی مدد سے واٹربورڈ کی 400گز سے زائد اراضی پر تعمیر کئے جانے والے مکانات کی دیواروں کو مکمل طور پر مسمار کردیا

منگل 24 اکتوبر 2017 22:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اکتوبر2017ء)ایم ڈی واٹربورڈ سید ہاشم رضا زیدی کی ہدایت پر واٹربورڈ کے خصوصی ڈیمالیشن اسکواڈ نے واٹربورڈ کی کنڈیوٹ کی اراضی پر قبضہ کی کوشش ناکام بنادی ،تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ کو اطلاع ملی تھی کہ قبضہ مافیا کے بااثرافراد گلشن اقبال بلاک 17عقب بیت المکرم مسجد واٹربورڈ کی زیر زمین ڈملوٹی کنڈیوٹ کی اراضی پر غیر قانونی تعمیرات کررہے ہیں،ان اطلاعات پر ایم ڈی واٹربورڈ نے سپرنٹنڈنگ انجینئر ڈبلیو ٹی ایم ظفر پلیجو کو فوری کارروائی اور تعمیرات مسمار کرکے اراضی واگزار کرنے کا حکم دیا ،جس پر سپرنٹنڈنگ انجینئر واٹرٹرنک مین نے ایگزیکٹیو انجینئر ڈبلیوٹی ایم آصف قادری اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر سید راسق علی ،آغا احمد علی سمیت واٹربورڈ کے خصوصی ڈیمولیشن اسکواڈ اور پولیس کے ساتھ قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی کی اور بھاری مشینری کی مدد سے واٹربورڈ کی 400گز سے زائد اراضی پر تعمیر کئے جانے والے مکانات کی دیواروں کو مکمل طور پر مسمار کردیااور قیمتی و حساس اراضی واگزار کرالی ،اس موقع پر واٹربورڈ کی ٹیم کو بااثر قبضہ مافیا کی جانب سے متعدد فون کالز کی گئیں اور انہیں سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں،واٹربورڈ حکام نے قبضہ مافیا کیخلاف سرکاری اراضی پر قبضہ اور دھمکی آمیز کال کئے جانے پر تھانہ عزیزآباد میں درخواست جمع کرادی ہے،ایم ڈی واٹربورڈ نے متعلقہ حکام کو کامیاب کارروائی پر مبارکباد دی ہے اور انہیں ہدایت کی کہ وہ واٹربورڈ کی ملکیت سرکاری اراضی کی حفاظت کیلئے موثر اقدامات کریں۔

#