برطانوی ڈپٹی ہائی کمیشن کی صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

شہر کے ٹرانسپورٹ کے مسائل کو حل کرنے کے ساتھ شہریوں کو ایک جدید ٹرانسپورٹ نظام متعارف کرانے کے لئے عملی اقدامات کر رہے ہیں، ناصر حسین شاہ کی برطانوی ہائی کمیشن کے وفد سے گفتگو

منگل 24 اکتوبر 2017 22:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اکتوبر2017ء)صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ، محنت، و اطلاعات سید ناصرحسین شاہ سے منگل کو ڈپٹی ہیڈ آف مشن اسٹیو کراس مین برطانوی ڈپٹی ہائی کمیشن کراچی نے وفد کے ہمراہ انکی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔وہ کچھ دیر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کے ساتھ رہے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا.اس موقع پر سابق صوبائی مشیر نوابزادہ برہان خان چانڈیو ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ سعیداحمداعوان ، سیکریٹری محنت عبدالرشید سولنگی اور سیکریٹری اطلاعات عمران عطا سومرو بھی موجود تھے .صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے ڈپٹی ہیڈ آف مشن کو حکومتِ سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہی دیتے ہوئے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے جاری منصوبوں کے بارے میں بتایا کہ شہر کے ٹرانسپورٹ کے مسائل کو حل کرنے کے ساتھ شہریوں کو ایک جدید ٹرانسپورٹ نظام متعارف کرانے کے لئے عملی اقدامات کر رہے ہیں اور امن و امان کی بہتر صورتحال کے باعث غیرملکی سرمایہ کار مختلف عوامی منصوبوں میں بھرپور سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں اگر برطانوی حکومت کسی بھی منصوبے میں خواہشمند ہے تو انہیں بھی ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سندھ میں توانائی کے بحران کے حل کے لئے تھرکول منصوبہ ایک کامیاب منصوبہ اور عوامی فلاح و بہبودکا ایک اچھا نمونہ ہمارے پاس موجود ہے۔۔ اس کے علاوہ ہر ایک شعبے میں عملی اقدامات کر کے عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کررہے ہیں۔ ڈپٹی ہیڈ آف مشن اسٹیو کراس مین نے حکومت سندھ کے عوامی فلاحی اقدامات اور منصوبوں کو سراہتے ہوئے رضامندی ظاہر کی کہ ممکن ہوا تو اس سلسلے میں پیشرفت کرینگیاور اپنی ماہرانہ خدمات ضرور پیش کرینگی.انہوں نے ٹرانسپورٹ کے مختلف منصوبوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں بھی کئی منصوبے چل رہے ہیں اور حکومت سندھ کو بھی ہر شعبے اور خصوصاً ماس ٹرانزٹ کے منصوبوں کو بھی تعاون فراہم کرنے کے لئے پروپوزل پر کام کرینگے۔

صوبائی وزیرٹرانسپورٹ نے مذید بتایا کہ ٹرانسپورٹ میں کے سی آر کو بھی منصوبی میں شامل کیا گیا ہے اور شہر میں بہتر ٹرانسپورٹ کے نظام کے لئے چھ بی آر ٹی اور دو ایم آر ٹی بس لائن بھی تعمیر کی جارہی ہیں.صوبائی وزیر نے ڈپٹی ہیڈ آف مشن اسٹیو کراس مین ،سیف آصف خان اور سمیرا نوید کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کی۔#