وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن کی ملاقات،دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال

پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پرعزم ہے، امریکہ کے ساتھ اقتصادی تعلقات میں اضافہ اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانا چاہتے ہیں،وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی خطہ میں امن و سلامتی کیلئے پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے،امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن

منگل 24 اکتوبر 2017 22:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2017ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پرعزم ہے، امریکہ کے ساتھ اقتصادی تعلقات میں اضافہ اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانا چاہتے ہیں جبکہ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا ہے کہ خطہ میں امن و سلامتی کیلئے پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے۔

منگل کو وزیراعظم ہائوس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے پاکستان کے ایک روزہ دورہ پر آئے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر دفاع خرم دستگیر، وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر داخلہ احسن اقبال، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سمیت اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پاک۔امریکہ تعلقات سمیت افغانستان، خطہ کی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متعلق امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پرعزم ہے اور اس جنگ میں نتائج بھی حاصل کئے ہیں، امریکہ کے ساتھ بہترین تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں، دونوں ممالک کو اقتصادی اور معاشی تعاون کو فروغ دینا چاہئے۔

وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے مابین اعلیٰ سطحی رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور حالیہ مہینوں میں ان روابط کے نتیجہ میں پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات میں پیشرفت پر اطیمنان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے امریکی وزیر خارجہ کو ملکی سیکورٹی اور اقتصادی صورتحال میں بہتری کے حوالے سے آگاہ کیا، جس کے نتیجے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہو۔

بات چیت کے دوران دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امور زیر غور آئے۔ پاکستانی وفد نے پرامن ہمسائیگی کے حوالے سے پاکستان کی پالیسی کو اجاگر کیا اور افغانستان سمیت پورے خطے میں سیکورٹی کے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ امریکی وفد کو بتایا گیا کہ خطے میں امن و استحکام کا فروغ کشمیر کے تنازعہ کے حل سے منسلک ہے۔ امریکی وفد کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر وفد کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سیکورٹی فورسز کی کوششوں اور کامیابیوں سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ پاکستانی وفد نے کہا کہ ان کا ملک افغانستان سمیت پورے خطے میں امن و استحکام کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ وفد کو پاک افغان بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔