امیر اور غریب کی تفریق کو ختم کرکے ملک کے ہر بچے کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے،رانا مشہود ا حمد خان

منگل 24 اکتوبر 2017 22:10

مظفرگڑھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2017ء) پاکستان کی ترقی کیلئے ہمیں کردار کا غازی بننا ہے اور ترقی کے لئے عملی اقدامات کرنا ہونگے،امیر اور غریب کی تفریق کو ختم کرکے ملک کے ہر بچے کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے، یہ بات صوبائی وزیر برائے تعلیم رانا مشہود احمدخان نے مظفرگرھ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے سکول ٹرانسپورٹ پروگرام کے تحت طلباو طالبات میں سائیکلز اورتعلیمی کارڈ تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت صوبہ کے تمام علاقوں کے طلباء وطالبات کو تعلیم کی مسائو ی سہولیات فراہمی کیلئے کوشاں ہے ، ٹرانسپورٹ پروگرام کے تحت دور دراز کے دیہی علاقوں کے طلبا و طالبات کو سفری مشکلات کا ازالہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی سربراہی میں شعبہ تعلیم میں انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں، بوٹی مافیا کا خاتمہ کیا جس کی بدولت آج مزدور طبقہ کے بچے بورڈز میں پوزیشن لے رہے ہیں، پیف سکولوں کے ذریعے بچوں کو مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ یونیفارم ، کتابیں، بستہ اور دیگر ضروریات مفت فراہم کی جارہی ہیں، انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے لاکھوں طالبات کو وظائف فراہم کئے جارہے ہیں، سکولوں کو بنیادی او ضروری سہولیات فراہم کی گئیں ہیں، میرٹ پر اساتذہ کی بھرتی کو یقینی بنایاگیا ہے، جس سے معیار تعلیم میں بہتری آئی ہے ، حکومت پنجاب کی تعلیم دوست اور طلبہ دوست پالیسیوں کی بدولت صوبہ پنجاب نے تعلم کے میدان میں نمایاں ترقی کی ہے ، پوزیشن ہولڈر طلباء کو گارڈ آف آنر دیا جاتا ہے کیونکہ یہ طلباء قوم کا مستقبل ہیں، انہوں نے کہا کہ 2017کے بجٹ میں 345ارب روپے سکول ایجو کیشن کے کیلئے مختص کئے گئے ، صوبہ پنجاب میں 6لاکھ بچے نجی سکولوں سے سرکاری سکولوں میں داخل ہوئے، انہوںنے کہا کہ اب جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا ازلہ کیا جارہا ہے ہر منصوبہ جنوبی پنجاب سے شروع کیا جاتا ہے ، انہوں نے بتایا کہ سکولوں میں طلبا و طالبات کیلئے خوراک کا منصوبہ بھی مظفرگڑھ اور لیہ کے اضلاع سے شروع کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ تعلیم کے تمام وسائل فراہم کئے جاچکے ہیں ،اب اساتذہ اور طلبہ صرف محنت اور لگن کو اپنا شعار بنائیں، تقریب میں سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر اللہ بخش، ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ محمد سیف انور، ممبر صوبائی اسمبلی ملک احمد کریم قسور لنگڑیال، چیئر مین ضلع کونسل سردار عمر خان گوپانگ،ایگزیکٹیو ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف سوشل اینڈ پالیسی سائنسز ، ہیڈ آف چیف منسٹر سپیشل مانیٹرنگ یونٹ فاطمہ زیدی ، سی ای او تعلیم مظفرگڑھ شمشیر احمد بھی موجود تھے، بعد ازاں صوبائی وزیر نے طلبا و طالبات میں سائیکلز اور تعلیمی کارڈ تقسیم کیے۔