عصر حاضر میں مسلمانوں کو برداشت ، امن اور دیگر اقوام سے مکالمہ کی اشد ضرورت ہے،وائس چانسلر بہا الدین زکریا یونیورسٹی

منگل 24 اکتوبر 2017 22:10

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2017ء)حضرت بہاء الدین زکریاؒ کے عرس کے موقع پر شعبہ علوم اسلامیہ ، بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے زیر اہتمام قومی زکریا سیمینار منعقد ہوا جس میں سول سوسائٹی،اساتذہ کرام اور طلبہ و طالبا ت نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین نے کہا کہ عصر حاضر میں مسلمانوں کو برداشت ، امن اور دیگر اقوام سے مکالمہ کی اشد ضرورت ہے اور یہ سب کچھ صوفیاء کی تعلیمات میں ہی مل سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہاء الدین زکریا یونیورسٹی جن کے نام سے منسوب ہے انہیں کی تعلیمات کی روشنی میں اب وسعت ِ ظرفی اور برداشت پر مبنی وژنری اکیڈمک ماحول پیدا کردیا گیا ہے جس کا اعتراف دنیا کی موقر ادارے ٹائم رینکنگ نے بھی کیا ہے اور یونیورسٹی کو ایشیاء کی پہلی 300 بہترین یونیورسٹیز میں شامل کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ کوآگے بڑھاتے ہوئے اور صوفیاء کی تعلیمات سے بھرپور استفادہ کے لیے یونیورسٹی نے تصوف سنٹر کے قیام کا فیصلہ کیا ہے ۔

اس سے قبل شیخ الاسلام بہاء الدین زکریا ملتانی سہروردی کی درگاہ کے سجادہ نشین اور سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا اس وقت امن اور محبت کی پیاسی ہے اور اسی کا درس صوفیاء کی تعلیمات کا خلاصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس خطہ کو قیادت فراہم کرنے کے حوالے سے میں مستقبل میں بہاء ادین زکریا یونیورسٹی کا ایک عظیم کرداردیکھ رہا ہوں۔

اس کے لیے ضروری ہے کہ جامعہ اپنے نصاب میں صوفیاء بالخصوص شیخ الاسلام بہاء الدین زکریا کی تعلیمات کو شامل کرے اور نئی نسل کی تربیت ایسے خطوط پر کرے کہ وہ مستقبل کے پاکستان کو کرپشن فری ملک بنا سکے۔قومی زکریا سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مہمان مقرر اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور کے سابق وائس چانسلر اور ایچ ای سی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ اس وقت دنیا سرمایہ دارانہ نظام کے یک قطبی ظالمانہ چنگل میں بری طرح پھنس چکی ہے ، آج اس خدشے کو ایک حقیقت کی طرح بھانپتے ہوئے اس کا تدارک کرنے کی ضرورت ہے اور یہ صرف اور صرف صوفیا کی تعلیمات کو جامعات کے نصابات کا حصہ بنانے سے ہی ممکن ہوسکتا ہے۔

اس تقریب سے چئرمین شعبہ علوم اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس دور میں شیخ الاسلام حضرت بہاء الدین زکریا کی تعلیمات کو اپناتے ہوئے دین اور دنیا کو ملا کر چلنے کی اشد ضرورت ہے ۔ دین اور دنیا یک جائی کو ان کے قائم کردہ مدرسہ نے ممکن بنایا․ اس سیمینار سے زکریا سوسائٹی کے سیکرٹری ڈاکٹر صدیق خان قادری نے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام کو شہباز ولایت اور رئیس صوفیائے بر صغیر قراردیا اور بتایا کہ ان کی تعلیمات کی بدولت اس خطے میں نور ہدایت پھیلا۔