ہمارے مخالفین سیاسی بیساکھیوں کی تلاش میں ہیں،چوہدری محمد یٰسین

جن کے پاس تانگے کی سواریاں پوری نہیں وہ بھی ریفرنڈم لڑنے کے خواہشمند ہیں ،اورنگزیب خان سی ڈی اے مزدور یونین 25اکتوبر کو شعبہ صفائی کی نجکاری کیخلاف آبپارہ چوک میں بھرپور یکجہتی کریں گے

منگل 24 اکتوبر 2017 22:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اکتوبر2017ء) سی ڈی اے سٹریٹ لائیٹ این آر بی انکوائری سٹاف کی جانب سے کارنر میٹنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں قائدین مزدور یونین جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین ،صدراورنگزیب خان ،چیف آرگنائزر حاجی مشتاق احمد شاہد ،سید نواز شاہ ،ملک محمود ،چوہدری ظفر ،سردار محمد آصف ،گلفرازشاہ ،چن زیب اعوان ،بابر شہزاد کھوکھر،ملک الفت ،چوہدری محمد خان ،ملک فرحان ،طلعت عبداللہ سمیت دیگر کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ،جنرل سیکرٹری سی ڈی اے مزدور یونین چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اپنے اللہ تعالیٰ پر بھروسہ کیا کیونکہ عزت اور ذلت میرے رب کے ہاتھ میں ہے اور محنت کش کے ووٹ کے بل بوتے پر کامیابی حاصل کی جبکہ ہمارے مخالفین ہر دور میں سیاسی بیساکھیوں کی تلاش میں رہے اور آج وہ لوگ بھی سی ڈی اے میں ریفرنڈم لڑنے کے خواہش مند ہیں جن کے پاس تانگے کی سواریاں بھی پوری نہیں اور جن کو نہ مزدور پہچانتا ہے ،سی ڈی اے مزدور یونین 25اکتوبر کو شعبہ صفائی کی نجکاری کے خلاف آبپارہ چوک میں بھرپور پر امن احتجاجی مظاہرہ کرنے جا رہی ہے جس میں مسیحی برادری سمیت تمام سی ڈی اے ملازمین شرکت کرکے مسیحی برادری سے نہ صرف اظہار یکجہتی کریں گے بلکہ سینی ٹیشن کی نجکاری کے خلاف اپنی بھرپور قوت کا مظاہرہ بھی کریں گے، انھو ں نے کہا کہ آئندہ ریفرنڈ م میں کامیابی کے بعد سی ڈی اے مزدور یونین تمام ملازمین کے لیے پلاٹوں کی الاٹمنٹ ،انکے بچوں کی تعلیمی قابلیت کے حساب کے بھرتی ،رول 20کی بحالی اور تمام ملنے والے الائونسز میں دس گنا اضافہ کروانے سمیت دیگر مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنی سیاسی ،اخلاقی اور قانونی جدوجہد کو مزید تیزی سے آگے بڑھائے گی کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ ہم ملازمین سے ملنے والے نئے مینڈیٹ کے بعد ایک نئے ولوے اور جوش کے ساتھ سی ڈی اے انتظامیہ سے افہام و تفہیم اور جمہوری روایات کے مطابق اپنا نیا چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کریں جو ہمارے نئے منشور اور نئے مطالبات کے مطابق ہو ،ریفرنڈم 2017میں ہمارا مقابلہ ان شکست خوردہ عناصر سے نہیں ہے جن کو سی ڈی اے ملازمین مسلسل پانچ مرتبہ مسترد کر چکے ہیں بلکہ ان پوشیدہ قوتوں سے ہے جو ان نوسربازوں کے پیچھے چھپ کر سی ڈی اے مزدور یونین اور ملازمین کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں جن کا مقصد مزدور یونین کی قیادت کو منظر سے ہٹا کر مزدور دشمن ایجنڈے کو پورا کرنا ہے تاکہ وہ اس ادارے و ملازمین کو تقسیم کر کے اپنے مخصوص عزائم میں کامیاب ہو سکیں لیکن انشاء اللہ سی ڈی اے مزدور یونین مزدوروں کی طاقت سے نہ صرف چوتھی مرتبہ کامیاب ہو گی بلکہ ان سازشی عناصر کو ان کے مہروں سمیت دفن کر کے دم لے گی ۔

متعلقہ عنوان :