گلستان کالونی میں بین المدارس مقابلہ تلاوت و نعت کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے،الحاج خالد بٹ

منگل 24 اکتوبر 2017 22:01

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اکتوبر2017ء)مسلم لیگ ن کے رہنما وممبر کینٹ بورڈ چکلالہ وارڈ5الحاج خالد بٹ نے کہا ہے کہ گلستان کالونی کی چھ مساجد کے طلباء کے مابین بین المدارس مقابلہ تلاوت،قرات وحسن نعت کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے یہ پہلا مقابلہ تھا اور یہ سلسلہ اب ہر سال منعقد کیا جائیگا بچوں کو مقابلے کیلئے تیار کرنے پر تمام مساجد کے علماء کرام و دیگر منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،وہ منگل کو جامع مسجد المدینہ گلستان کالونی میں تلاوت،قرات و نعتؐ کے مقابلوں کی تقریب تقسیم انعامات کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

مقابلوں کے دوران منصف کے فرائض علامہ سفیرحسین شاہ قادری،مفتی نصیرقریشی قادری،مبشرزاہد قادری ضیائی نے سرانجام دیے،پروگرام کاانعقاد سید منورحسین شاہ خطیب جامع مسجد بلال کی نگرانی میں کیا گیا جبکہ مقابلوں میں گلستان کالونی کی جامع مسجد المدینہ،جامع مسجد بلال،جامع مسجد گلزارحبیب،جامع مسجد الحبیب،جامع مسجد محمدیہ غوثیہ اور جامع مسجد صدیق اکبر کے طلباء نے حصہ لیا۔