ڈائریا، بیکٹیریا،وائرس،فنگی،نمونیا جیسی مہلک بیماریوں سے بچنے کیلئے روزانہ صابن سے ہاتھ دھوئے جائیں ‘ملک تنویر اسلم

دنیا بھر میں 3.5ملین بچے ڈائریا اور نمونیا کے باعث اپنی زندگی کی 5ویں سالگرہ نہیں دیکھ پاتے ‘صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات

منگل 24 اکتوبر 2017 16:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک تنویر اسلم اعوان نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں بچوں کی اموات میں بڑا ہاتھ ڈائریا کا ہے اور اس کے ساتھ بیکٹیریا،وائرس،فنگی،نمونیا وغیرہ سے بچنے کا سب سے آسان طریقہ ہے کہ روزانہ صابن سے ہاتھ دھوئے جائیں،دنیا بھر میں 3.5ملین بچے ڈائریا اور نمونیا کے باعث اپنی زندگی کی 5ویں سالگرہ نہیں دیکھ پاتے ۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے ایک نجی ہوٹل میںگلوبل ڈے آف ہینڈ واش کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر پی ڈی ایم اے مہر اعجاز ،چیئرمین پی اینڈ ڈی جہانزیب خان،سیکرٹری پی ایچ ای ڈی،ڈاکٹر شبانہ،کنٹری ڈائریکٹر پلان انٹرنیشنل عمران یوسف،سول سوسائٹی اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے پلان انٹرنیشنل کی جانب سے لوگوں میں بیداری پھیلانے کے حوالے سے اس دن کو منانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ گلوبل ہینڈ واش ڈے منانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ بچوں اور نوجوانوں میں یہ احساس پیدا کیا جائے کہ تھوڑی سی احتیاط سے آپ بڑی بیماریوں سے اپنے آپ کو بچا سکتے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ایسے اقدامات سے دنیا بھر میں پیغام جائے گا کہ صابن سے ہاتھ دھونے کی عادت آپ کو کن مہلک بیماریوں سے بچا سکتی ہے۔:ہمارے ہاتھ ،ہمارا مستقبل: اس فلسفے کو سمجھنے کی ضرورت ہے تاکہ اپنے بچوں کو چھوٹی عمر سے ہی اچھی عادتوں کی پہچان کرائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ہاتھ دھونے کی عادت ایک بہترین مستقبل کی ضامن بن سکتی ہے ،اسلئے اپنے بچوں کو ایسی عادت ڈالنے کی ضرورت ہے۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر کو پلان انٹرنیشنل کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔