آزاد خطہ کو ہنر مند بنانا ترجیح ہے، ہنر مندی کی تعلیم دئیے بغیر ترقی اور بیروزگاری کا خاتمہ ممکن نہیں، حکومت نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کی جانب خصوصی توجہ دے رہی ہے‘پاکستان کی انجینئرنگ یونیورسٹیز میں آزاد کشمیر کے کوٹے میں اضافہ ناگزیر ہے ‘ آزادکشمیر میں تعمیر وترقی اور اہم تکنیکی معاملات میںانجینئرنگ یونیورسٹیز کی معاونت کی ضرورت ہے

وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی پاکستان کی انجینئرنگ یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو

منگل 24 اکتوبر 2017 16:31

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اکتوبر2017ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزاد خطہ کو ہنر مند بنانا ترجیح ہے، ہنر مندی کی تعلیم دئیے بغیر ترقی اور بیروزگاری کا خاتمہ ممکن نہیں، حکومت نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کی جانب خصوصی توجہ دے رہی ہے۔پاکستان کی انجینئرنگ یونیورسٹیز میں آزاد کشمیر کے کوٹے میں اضافہ ناگزیر ہے ۔

آزادکشمیر میں تعمیر وترقی اور اہم تکنیکی معاملات میںانجینئرنگ یونیورسٹیز کی معاونت کی ضرورت ہے، بیروزگاری کے خاتمے کیلئے حکومت نے زیادہ سے زیادہ افراد کوہنر مند بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 8اکتوبر کے زلزلہ کے بعد بحالی میں پاکستان کی انجینئرنگ یونیورسٹیز اور اداروں نے اپنا بھرپور کردار کیا۔

(جاری ہے)

۔وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار پاکستان کی انجینئرنگ یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

وفد میں وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی کراچی پروفیسر سروش حشمت لودھی،وائس چانسلر سرسید یونیورسٹی ڈاکٹرافضل حق ،ریکٹر غلام اسحاق خان انسٹیوٹ پروفیسر جاوید اے چھٹہ ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہورڈاکٹر سہیل آفتا ب قریشی، رجسٹرار پاکستان انجینئرنگ کونسل انجیئنرخادم ایچ بھٹی، لیفٹیننٹ کرنل (ر) حق نواز پاکستان انجینئرنگ کونسل ہیڈ کوارٹر اسلام آبادشامل تھے جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف شاہ،پرنسپل سیکرٹری ہمراہ وزیر اعظم احسان خالد کیانی، سیکرٹری ورکس طارق شعلہ ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے آزاد کشمیر کی تاریخ،سیاسی ، انتظامی وآئینی ڈھانچے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر تحریک آزادی کشمیر حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتی فورسز مقبوضہ کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔ نوجوانوں کو پیلٹ گن سے اندھا کیا جارہا ہے اور عورتوں کی چوٹیاں کاٹنے جیسے اوچھے ہتکھنڈے استعمال کیے جارہے ہیں ۔

کشمیر ی ان تمام مظالم کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں ۔ اس موقع پر وائس چانسلرزنے کہا کہ آزاد کشمیر تعمیر و ترقی ، زلزلے سے محفوظ عمارات کی تعمیر اور دیگر معاملات میں حکومت آزادکشمیر کی بھرپور تکنیکی معاونت کرینگے اورپاکستانی انجینئرنگ یونیورسٹیز میں آزادکشمیر کا کوٹہ بڑھانے میں بھی بھرپور سپورٹ کرینگے ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا ۔ وفد نے وزیر اعظم آزادکشمیر کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :