نیب کا دوہرا معیار قبول نہیں، پنجاب میں الگ اور سندھ میں نیب کا معیار الگ ہے ،ْ منظور وسان

شرجیل میمن پر کرپشن کے الزامات کا نیب والے ہی بہتر بتا سکتے ہیں ،ْصوبائی وزیر تجارت

منگل 24 اکتوبر 2017 16:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2017ء) سندھ کے وزیر صنعت و تجارت منظور وسان نے کہا ہے کہ نیب کا دوہرا معیار قبول نہیں، پنجاب میں الگ اور سندھ میں نیب کا معیار الگ ہے شرجیل میمن پر کرپشن کے الزامات کا نیب والے ہی بہتر بتا سکتے ہیں وہ گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں منعقدہ ورکشاپ میں میڈیا سے گفتگوکرہے تھے۔ منظور حسین وسان کا کہنا تھا کہ ملک میں احتساب دو نظام نہیں ہونے چاہیئں مقدمات سے ہم نہیں ڈرتے۔

احتساب کا دوہرا نظا م ملک کے لیئے بہتر نہیں ہہے۔احتساب صرف سیاست دانوں کا نہیں بلکہ سب کا ہونا چاہیئے۔ جی ڈی اے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گرینڈ الائنس بنتے رہتے ہیں۔ شیپ وہی ہے صرف نام تبدیل ہوتے رہتے ہیں، یہ جام صادق کے دور سے شروع ہوا اور اس کا مقصد الیکٹبلس اور ایم کیو ایم کو ملاکر پی پی پی کے خلاف الیکشن لڑانا اور پھر پی پی پی کے منتخب نمائندوں کی وفاداریاں تبدیل کرانا ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم اور گرینڈ الائنس کا حال ماضی جیسا ہوگا،عمران خان کے ساتھ گھومنے والوں کو بھی کرپشن کا حساب دینا پڑیگا۔ جی ڈی اے والے ہمیشہ چور دروازے سے اقتدار میں آئے ان کی اب بھی خواہش ہے کہ الیکشن نہ ہوں۔ جی ڈی اے ماضی میں بھی بنا مگر ناکام ہوا تھا جی ڈی اے میں شامل لوگ دیگر پارٹیوں میں شامل ہونگے۔گرینڈ الائنس آئندہ انتخابات میں سانگھڑ سے ایک بھی نشست نہیں لے پائیگا، الائنس کا مقصد پی پی پی کو ختم کرنا ہے مگر انہیں اس حوالے سے ناکامی ہوگی ۔ارباب غلام رحیم کہیں نہ کہیں تو جائیں گے اس سے فرق نہیں پڑتا۔ منظور وسان نے کہا کہ عام انتخابات ہونگے مگر کچھ دیر لگے گی۔

متعلقہ عنوان :