سیف لائف تھیلیسیمیا کی دکھی انسانیت کیلئے گراں قدر خدمات ہیں، ڈپٹی کمشنرسرگودھا

منگل 24 اکتوبر 2017 15:43

سرگودھا۔24 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2017ء)ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ سیف لائف تھیلیسیمیادکھی انسانیت کی خدمت میں گراں قدر خدمات سرانجام دے رہاہے ۔ تھیلیسیمیا سنٹر کو مزید فعال اور موثر بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ معاونت کررہی ہے ۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال کی پرانی بلڈنگ میں سنٹر کی منتقلی بچوں کی صحت ‘ علاج معالجہ اور انتقال خون کے سلسلہ میں خدمات بھر پور طریقے سے انجام دے سکے گا او رکسی بھی ایمر جنسی کی صورت میں بچوں کی صحت یابی کیلئے سہولت ہو گی ۔

یہ بات انھوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی پرانی عمارت میں سیف لائف تھیلیسیمیا سنٹر کی عمارت کی تزئین وآرائش کے کام کاجائزہ لیتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر عرفان فرید‘ ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ ‘ ڈاکٹر شاہد منظور ‘ ڈاکٹر سہیل خواجہ ‘ میاں نعیم اختر ‘ تنویر احمد ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ شفیق الرحمان نیازی او ردیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے سیف لائف تھیلیسیمیا سنٹر کی تزئین وآرائش کے کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سنٹر کے سسٹم کو ٹرانسپرنٹ رکھنے کیلئے مزید احباب کو مجلس عاملہ میں شامل رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے ایم ایس کو مذکورہ بچوں کے بھر پور علاج معالجہ کیلئے مسلسل رابطہ رکھنے اور سنٹر میں زیادہ سے زیادہ بچوں کے انتقال خون کیلئے ڈبل شفٹ کے انتظامات کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈپٹی کمشنر نے سنٹر کے بیرونی حصے کی خوبصورتی کیلئے ٹف ٹائل لگانے کے انتظامات کی بھی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اس سنٹر میں چار وارڈ قائم کئے جارہے ہیں جس کی تکمیل عنقریب مکمل ہو رہی ہے ۔ یہ سنٹر بچوں کے علاج میں بہت بڑی سہولت ثابت ہو گا ۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر نے چیمبر آف کامرس کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ میں شرکت کی او رکہاکہ شہر کی تعمیر وترقی کیلئے انقلابی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ماڈل ٹاؤن میں چیمبرآف کامرس کے دفتر کیلئے جگہ مہیا کر دی گئی ہے ۔ اس موقع پر چیمبر کے ممبران نے شہر کی ترقی کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر صدر چیمبر آف کامرس شیخ نویداقبال ‘ طارق طور ‘ عطا باجوہ ‘ شیخ یامین ‘ محمد عرفان بٹ ‘ قیصر اقبال ‘ شیخ محمد اقبال ‘ مرزا فضل الرحمن ‘ شیخ گلزار احمد اور دیگر چمبر ممبران بھی موجود تھے ۔