بلوچستان کے کاشتکاروں کو جدید عصری تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی سے متعارف کروانے کے لیے ٹریننگ سیشن منعقد کروائے جائیں گے ،آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کے سرپرست اعلیٰ وحید احمدکی کوئٹہ میں پریس کانفرنس

منگل 24 اکتوبر 2017 15:29

کوئٹہ ۔24 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2017ء) آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد نے کہا ہے کہ بلوچستان کے کسانوں وزمینداروں کو جدید عصری تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی سے متعارف کروانے کے لیے ٹریننگ سیشن منعقد کروائے جائین گے کیونکہ بلوچستان کا سیب ،انگور ،کجھور اور انار اپنے بہترین ذائقے کی بدولت پورے ملک اور دنیا بھر میں برآمد کیا جاتا ہے ،ان خیالات کااظہارا نہوں نے منگل کو زمیندار ایکشن کمیٹی بلوچستان کے رہنمائوں حاجی عبدالرحمن بازئی،ملک نصیرشاہوانی اور کاظم اچکزئی کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،وحید احمد نے کہا کہ کسان کسی بھی معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور کسان اور ایکسپورٹر مل کر ہی زرعی شعبوں میں بہتر تبدیلی لاسکتے ہیں کیونکہ تیزی سے بدلتے ہوئے موسمیاتی تبدیلیوں سے زراعت کا شعبہ متاثر ہوگا جس کے تدارک کے لیے حکومت کے ساتھ زمینداروں اور کسانوں کو بھی اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا،انہوں نے کہا کہ ہم قوم کو اچھی سبزیاں اور پھل دے رہے ہیں جس کے لیے دنیا میں بدلتی ہوئی موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق تحقیق اور ہنر مندی کے اصولوں سے آگاہی حاصل کرنا ہر کسان کی ذمہ داری بنتی ہے کہ تاکہ ایکسپورٹ کو بڑھایا جاسکیں۔