صحت مند معاشرے کی تشکیل انفیکشن کی چین توڑے بغیر ممکن نہیں ‘پرنسپل پی جی ایم آئی

صاف ہاتھ زندگیاں بچانے کا سبب ہیں ، صفائی کو نصف ایمان قرار دیاگیا ہے ‘ پروفیسر غیاث النبی طیب

منگل 24 اکتوبر 2017 15:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اکتوبر2017ء) پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب نے کہا ہے کہ انفیکشن انسانی جسم میں بیماریوں کو پھیلانے کا سبب بنتا ہے لہذا صحت مند معاشرے کی تشکیل انفیکشن کی چین کو توڑے بغیر ممکن نہیں اور یہ اسی وقت قابل عمل ہے کہ جب ہم صفائی کے مروجہ اصولوں کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنا ئیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنرل ہسپتال میں"انفیکشن سے بچاؤ" کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر غلام صابر ،پروفیسر عمران حسن خان اور انفیکشن کنٹرول سپروائزرز ثمر ناز ، ناصرہ حسن اور قرةالعین کے علاوہ ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف کی بڑی تعداد میں موجود تھی۔پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ امسال عالمی سطح پر رواں ہفتہ "صاف ہاتھ ، زندگیوں کو بچانے کا سبب "کے عنوان سے منایا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی سطح پر جو سلوگن اس وقت متعارف ہو اہے اس کا درس ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺنے 14سو سال قبل ہی دے دیا تھا اور دین اسلام میں صفائی کو نصف ایمان بھی قرار دیا گیا لہذا ضروری ہے کہ ہم اپنا دینی اور مذہبی فریضہ سمجھتے ہو ئے صفائی کو فوکس کریں اور دوسروں کو بھی اس کی تلقین کریں۔ جنرل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام صابر اور پروفیسر عمران حسن خان نے کہا کہ مریض مختلف بیماریوں کے مہلک جراثیم ساتھ لاتے ہیں یہ ڈاکٹروں ،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی ذمہ داری ہے کہ وہ طے شدہ اصولوں پر عمل کرتے ہوئے مہارت کے ساتھ اس صورتحال سے نمٹیں اور ہسپتال کے ماحول کو جراثیم سے پاک رکھیں تاکہ انفیکشن پیدا ہی نہ ہو،دیگر مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ ہم اس وقت جس ماحول میں سانس لے رہے ہیں اس کی فضا ، زمین اور زیر زمین پانی میں مختلف نوعیت کے جراثیم ہیں جن سے بچنے اور دوسروں کو اس کے بارے میں آگاہی دینے کیلئے اجتماعی کوششوں کا اپنایا جانا ضروری ہے تاکہ ہماری زندگیاں جراثیم سے پاک رہیں اور انفیکشن کسی صورت بھی چھوٹی سے چھوٹی بیماری کو پھیلانے کا سبب نہ بن سکے۔

اولین ترجیح کے طور پر کسی بھی کام کو شروع کرنے سے پہلے اپنے ہاتھوں کو دھوئیں۔ دوران تقریب شرکاء نے کھڑے ہو کر عہد کیا کہ وہ اپنے والدین ، مریضوں ،ساتھیوں کے علاوہ اپنی حفاظت کیلئے انفیکشن کی چین کو ہر صورت توڑ کر رہیں گے ،اس موقع پر بیجز بھی تقسیم کیے گیے جن پر یہ وعدہ درج تھا کہ میں خود ،مریضوں اور لواحقین کو صاف ستھرا اور جراثیم سے پاک رکھنے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھاؤں گا شرکاء نے اس تقریب کو صفائی ستھرائی کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کی طرف اہم قدم قرار دیا ۔

متعلقہ عنوان :