سمندرپار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے اوورسیز کمیٹی لاہور کا کردار کلیدی ہے،افضال بھٹی

منگل 24 اکتوبر 2017 15:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اکتوبر2017ء) کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن (اوپی سی)پنجاب افضال بھٹی نے کہاہے کہ ڈسڑکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی (ڈی اوپی سی)لاہور، سمندرپارمقیم ہم وطنوں کے مسائل کے حل کے ضمن میں کلیدی کردار اداکررہی ہے اور اس کے ارکان کی محنت سے اوورسیز پاکستانیوں کو خاطر خواہ ریلیف ملا ہے۔وہ ڈی اوپی سی لاہورکے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

ڈائریکٹر جنرل اوپی سی، سید جاوید اقبال بخاری،ایڈیشنل ڈی جی ،آغا محمد یوسف ،ڈی آئی جی سکیورٹی معین مسعود،ڈپٹی کمشنر لاہور سمیراحمدسید ،ایس ایس پی مبشر میکن اور دیگر حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔افضال بھٹی نے کہا کہ ڈی اوپی سی لاہور کے ارکان کی محنت سے اوورسیز پاکستانیوںکی شکایات کے حل کی شرح میں نمایاں اور اطمینا ن بخش اضافہ ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

صوبائی دارلحکومت ہونے کے باعث لاہور میں اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کی تعدادبہت زیادہ ہے لیکن یہ بات خوش آئند ہے کہ ڈی اوپی سی لاہور ہفتے میں دو اجلاس منعقد کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر اضلاع کی اوورسیز کمیٹیوں کو بھی لاہور ماڈل کی پیروی کرنی چاہیے۔ اجلاس کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کی متعدد شکایات پر تفصیلی غوروخوض کیا گیا اور کمشنر افضال بھٹی نے ان کے حل کیلئے موقع پر ضروری ہدایات جاری کیں۔

متعلقہ عنوان :