فاٹا فٹبال سپر لیگ ٹورنامنٹ شنواری فٹبال کلب نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

منگل 24 اکتوبر 2017 15:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2017ء) فاٹا فٹبال سپرلیگ ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں شنواری فٹبال کلب نے الحاج گروپ فٹبال کلب کو سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کے بعد سڈن ڈیتھ کے ذریعے چھ کے مقابلے سات گول سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالفائی کرلیا ، اس موقع پر سابق صوبائی وزیر کھیل و صدر خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن سید عاقل شاہ ، ڈائریکٹر سپورٹس پی ایس بی کوچنگ سنٹر ممتاز احمد ندیم مہمان خصوصی تھے ان کے فاٹا اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر و چیف آرگنائز شاہد خان شنواری ، ملک سعد کے شکیل احمد ، خیبر پختونخوا فٹبال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری باسط کمال ، فاٹا والی بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خورشید اقبال سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ۔

(جاری ہے)

قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور میں جاری فا ٹا فٹبال سپر لیگ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل شنواری فٹبال کلب اور الحاج گروپ کے مابین کھیلاگیا جس میں دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل کامظاہرہ پیش کیا دونوں ٹیمیں اپنے مقرررہ وقت تک گول کرنے میں ناکام رہی جس کے بعد اضافی ٹائم دیاگیا لیکن اس میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی ، اور میچ کا فیصلہ پنلٹی شوٹ آئوٹ کے ذریعے کیاگیا پانچ پانچ پنلٹی میں بھی دونوں ٹیموں نے چار چار گول کے ساتھ برابر رہی جس کے بعد سڈن ڈیتھ میں شنواری کلب نے چھ کے مقابلے سات گول سے کامیابی حاصل کرکے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ فائنل آج کھیلاجائیگا۔