کراچی میں پولیس افسران سمیت 13 اہلکاروں کی گرفتاری کا حکم

2 سال سے مسلسل طلب کرنے کے باوجود پولیس افسران اور اہلکار پیش نہیں ہورہے، عدالت

منگل 24 اکتوبر 2017 15:14

کراچی میں پولیس افسران سمیت 13 اہلکاروں کی گرفتاری کا حکم
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2017ء) سیشن عدالت نے عدم پیشی پر6 پولیس افسران اور7 پولیس اہلکاروں کی گرفتاری کا حکم دیدیا ہے۔ایڈیشنل سیشن جج شرقی نے پولیس افسران و اہلکاروں کی عدم پیشی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے 6 پولیس افسران اور7 پولیس اہلکاروں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے کہاکہ 2 سال سے مسلسل طلب کیا جارہا ہے لیکن پولیس افسران واہلکار پیش نہیں ہورہے، پولیس افسران واہلکاروں کی عدم حاضری ملزمان کو فائدہ پہنچانے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے متعلقہ ایس ایس پی کو پولیس افسران و اہلکاروں کی گرفتاری کے احکامات جاری کرتے ہوئے تاحکمِ ثانی تنخواہ بھی روکنے کا حکم دیا، عدالت نے کہاکہ پولیس افسران و اہلکار حساس نوعیت کے 3 مقدمات میں گواہی کیلیے پیش نہیں ہورہے، عدالت کی جانب سے متعدد بار طلبی اور شوکاز نوٹس بھی جاری کیے گئے۔پولیس افسران میں سب انسپکٹرز محمد علی، نوید اقبال، اسسٹنٹ سب انسپکٹرزغلام علی، شاہ مراد، اسد اللہ اور آغاز خان جب کہ پولیس اہلکاروں میں شہزاد، اعجاز، تسلیم، اسلم، نصیر، مشتاق احمد اور نواز شامل ہیں، پولیس افسران و اہلکار تھانہ گلشن اقبال، گلستانِ جوہر اور شارع فیصل تھانوں میں تعینات ہیں۔

متعلقہ عنوان :