بارانی علاقوں کے کاشتکار گندم کی کاشت 15 نومبر تک مکمل کریں، محکمہ زراعت

منگل 24 اکتوبر 2017 15:08

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2017ء) محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ بارانی علاقوں کے کاشتکار گندم کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے زمین کی تیاری پر خصوصی توجہ دیںاور گندم کی منظورشدہ اقسام این اے آر سی 2009، بارس2009 ، دھرابی2011، پاکستان 2013، احسان 2016 اور چکوال 50 کی کاشت 15 نومبرتک مکمل کریں۔ ترجمان نے کہاکہ کھیت میں اگر گوبر کی گلی سٹری کھاد ابھی تک نہ ڈالی گئی ہو تو فوراً ڈال کر زمین میں اچھی طرح ملائیں اور بیج و کھاد کا مناسب انتظام کریں۔

(جاری ہے)

گندم کی بوائی کیلئے بیج کومحکمہ زراعت کے مہیا کردہ سیڈ گریڈر کے ذریعہ مفت صاف کروائیں۔کاشت کیلئے 50 کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کیا جائے اور گندم کی کاشت کیلئے ڈرل کا استعمال کریں۔ ڈرل استعمال کرنے کے دوران اس بات کا خیال رکھیں کہ ڈرل کی کوئی پور بند نہ ہو۔ گندم کی بھرپور پیداوار حاصل کرنے کیلئے کھادوں کا متناسب استعمال زمین کی زرخیزی کو مدنظر رکھ کر کیا جائے۔ بارانی اضلاع کے کاشتکار کم بارش والے علاقہ جات میں ایک بوری ڈی اے پی، تین چوتھائی بوری یوریا اور آدھی بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ استعمال کریں۔