رشتے داروں نے کہا عامر جیسی پرفارمنس دکھانا،عثمان خان شنواری

منگل 24 اکتوبر 2017 14:46

رشتے داروں نے کہا عامر جیسی پرفارمنس دکھانا،عثمان خان شنواری
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اکتوبر2017ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر عثمان خان شنواری کے مطابق ان کے رشتے داروں نے کہا تھا کہ محمد عامر کی جگہ ٹیم میں شامل ہوئے ہو اسی کی طرح پرفارمنس بھی دکھانا۔عثمان خان شنواری نے سری لنکا کے خلاف پانچویں اورآخری ون ڈے انٹرنیشنل میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے صرف چونتیس رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں ۔

عثمان خان شنواری کہتے ہیں کہ ان پریقینا دبا ئوتھا کہ وہ جس بولر کی جگہ ٹیم میں شامل ہوئے ہیں اسی کی طرح پرفارمنس بھی دیں اور یہ بات انہیں ان کے رشتے داروں نے بھی باور کرائی تھی۔عثمان خان شنواری کا کہنا ہے کہ محمد عامر سے وہ اپنا موازنہ نہیں کر سکتے وہ بہت اچھے بولر ہیں اور وہ ان کی بولنگ سے سیکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ محمد عامر کے ان فٹ ہونے کے سبب ٹیم میں شامل کیے گئے اور انہیں خوشی ہے کہ انہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

عثمان خان شنواری کا تعلق خیبر ایجنسی سے ہے لیکن وہ پشاور میں رہتے ہیں اور جب بھی وقت ملتا ہے وہ اپنے گائوں میں جاکر نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔عثمان کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقوں میں نوجوان کرکٹ کے جنون میں مبتلا ہیں لیکن وہاں سہولتیں نہیں ہیں۔عثمان سے پوچھا گیا کہ ان کے علاقے کے لوگ شاہد آفریدی کو کھیلتا دیکھنے دیوانہ وار سٹیڈیم کا رخ کرتے تھے تو کیا آپ ان لوگوں کو دوبارہ سٹیڈیم میں لانے کا سبب بنیں گی تو ان کا جواب تھا کہ پختون قوم کرکٹ کی بہت شوقین ہے چاہے کوئی پٹھان ٹیم میں کھیل رہا ہو یا نہیں وہ کرکٹ میچ ضرور دیکھتی ہے۔ ان کی کوشش ہو گی کہ اچھی سے اچھی کارکردگی دکھائیں تاکہ پختون میچ دیکھنے آتے رہیں۔

متعلقہ عنوان :