احتساب عدالت نے کرپشن کیس میں پیپلز پارٹی کے راہنماءشرجیل میمن اور شریک ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 24 اکتوبر 2017 13:13

احتساب عدالت نے کرپشن کیس میں پیپلز پارٹی کے راہنماءشرجیل میمن اور ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24اکتوبر۔2017ء) احتساب عدالت نے کرپشن کیس میں پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی شرجیل میمن اور دیگر کو 4 نومبر تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔شرجیل میمن کو بکتربند میں سخت سیکورٹی انتظامات میں نیب کے دفتر سے احتساب عدالت لایا گیا۔عدالت لانے سے قبل نیب دفتر میں شرجیل میمن کا میڈیکل بھی کیا گیا، جس میں انہیں مکمل فٹ قرار دیا گیا۔

آصف زرداری کے قریبی ساتھی اور پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کو کرپشن کیس میں کل سندھ ہائی کورٹ کے باہر سے گرفتارکیا گیا تھا۔پانچ ارب 77کروڑ روپے کی کرپشن کے الزام میں سندھ کے سابق وزیر اطلاعات کی ضمانت منسوخ کردی گئی تھی۔گرفتاری سے بچنے کے لیے شرجیل میمن 6 گھنٹے تک عدالت کے احاطے میں موجود رہے اور اس دوران وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ ہوتا رہا۔

(جاری ہے)

گرفتاری کے موقع پر شدید دھکم پیل کے باعث شرجیل میمن کی قمیص کے بٹن ٹوٹ گئے، 11 شریک ملزمان بھی عدالت کے باہر سے گرفتار کیے گئے ہیں۔ضمانت منسوخ ہونے پر شرجیل میمن اور سابق سیکریٹری اطلاعات سندھ ذوالفقار علی شلوانی سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔شرجیل میمن کی گرفتاری کے بعد نیب کی جانب سے ایک اعلامیہ بھی جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ شرجیل میمن سمیت دیگر 12 ملزمان پر 5 ارب 76 کروڑ سے زائد غبن کا الزام ہے اور ملزمان نے 2013 اور 2015 کے دوران غبن کیے۔

نیب اعلامیے کے مطابق ملزمان نے بلواسطہ یا بلاواسطہ اپنے مقاصد کے تحت فائدے اٹھائے۔ پیشی سے قبل نیب کے مرکز میں ڈاکٹرز نے شرجیل میمن اور ان کے دیگر ساتھیوں کا 3 بار معائنہ کیا ہے اور تمام ملزمان کو مکمل فٹ قرار دے دیا ہے۔واضح رہے کہ شرجیل میمن اور دیگر ملزمان کو گزشتہ روز عبوری ضمانت منسوخ ہونے پر سندھ ہائیکورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ دیگر ملزمان میں سابق سیکرٹری محکمہ اطلاعات ذوالفقار شالوانی، سابق انفارمیشن افسر سارنگ چانڈیو، سابق ڈپٹی ڈائریکٹر اشتہار منصور راجپوت، سابق سیکشن افسر الطاف میمن، سید نوید، محمد حنیف، عاصم امیر، سلمان منصور، گلزار علی اور عمر شہزاد بھی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :