رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کے خلاف دائر کیا گیا ریفرنس مسترد کردیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 24 اکتوبر 2017 12:33

رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کے خلاف دائر کیا گیا ریفرنس مسترد کردیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24اکتوبر۔2017ء) الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے خاتون رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کے خلاف دائر کیا گیا ریفرنس مسترد کردیا ہے۔خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے رواں برس یکم اگست کو ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس میں پارٹی پالیسی پر عمل نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے عائشہ گلالئی کے خلاف اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس ریفرنس جمع کرایا تھا، جسے سردار ایاز صادق نے کارروائی کے لیے الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا کی سربراہی میں 5 رکنی الیکشن کمیشن نے عائشہ گلالئی کے خلاف دائر ریفرنس پر سماعت کی اور دونوں طرف کے وکلاءکے دلائل سننے کے بعد رواں ماہ 17 اکتوبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنایا گیا۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے پنجاب اور بلوچستان کے ممبر نے عائشہ گلالئی کی رکنیت منسوخ کرنے کی حمایت کی، جبکہ 3 ممبران نے مخالفت کی اور اس طرح 2 کے مقابلے میں 3 کی اکثریت سے فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن نے رکن قومی اسمبلی کے خلاف پی ٹی آئی ریفرنس مسترد کردیا۔

واضح رہے کہ عائشہ گلالئی وزیر نے جنوبی وزیرستان میں انسانی حقوق کی کارکن کی حیثیت سے اپنے سیاسی کریئر کا آغاز کیا۔انہوں نے 2012 میں پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا اور 2013 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر وفاق کے زیر انتظام علاقے (فاٹا) سے خواتین کی خصوصی نشست سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئیں۔اس سے قبل عائشہ گلالئی پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کا حصہ بھی رہ چکی ہیں۔