پشاور کے حلقہ این اے 4میں ضمنی انتخاب کیلئے الیکشن کمیشن نے پولنگ اسکیم جاری کردی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 24 اکتوبر 2017 12:24

پشاور کے حلقہ این اے 4میں ضمنی انتخاب کیلئے الیکشن کمیشن نے پولنگ اسکیم ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24اکتوبر۔2017ء) پشاور کے حلقہ این اے 4میں ضمنی انتخاب کیلئے الیکشن کمیشن نے پولنگ اسکیم جاری کردی۔الیکشن کمیشن نے پشاور کے حلقہ این اے 4میں ضمنی انتخاب کیلئے 269پولنگ اسٹیشن قائم کردیئے۔مردوں کیلئے 147اور خواتین کیلئے 111پولنگ اسٹیشنزقائم کئے گئے ہیں جبکہ 11مشترکہ پولنگ اسٹیشنز بھی ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ،حلقے میں 3لاکھ 97ہزار904ووٹرزاپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔حلقے میں مرد ووٹرز کی تعداد 2لاکھ 35ہزار 164جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 1لاکھ 62ہزار 740ہے،دو 269پریزائڈنگ افسران اور 837اسسٹنٹ پریزائڈنگ افسران تعینات ہوں گے۔پشاور 26 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابی معرکے میں 15امیدوارمدمقابل ہوں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ضمنی انتخاب کے لیے انتخابی مہم کا آج آخری دن ہے، پولنگ 26 اکتوبر کو ہوگی۔

عام انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار گلزار خان نے 55 ہزار ووٹ حاصل کرکے یہ نشست 35 ہزار کی لمبی لیڈ سے جیتی تھی۔ان کے قریب ترین امیدوار مسلم لیگ (ن) کے ناصر خان موسیٰ زئی نے بیس ہزار ووٹ لیے تھے۔26 اکتوبر کے ضمنی انتخاب کے لیے سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔گلی، محلوں ،چوراہوں اوراہم شاہراہوں پر بینرز ، پینا فلیکس، پوسٹرز اور جھنڈوں کی بہار ہے۔