مقبوضہ کشمیر، حریت پسند کارکن کے گھر میں توڑ پھوڑ کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ہڑتال

بھارتی فورسز کامظاہرین کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال، بچی سمیت 12افراد زخمی

منگل 24 اکتوبر 2017 12:02

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میںضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں بھارتی فورسز کی طرف سے ایک حریت پسند کے رہائشی مکان کی توڑ پھوڑ کے خلاف لوگوں نے زبردست احتجاجی مظاہرے کئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے ا حتجاجی مظاہرین کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے ایک بچی سمیت 12 افراد کو زخمی کردیا۔

(جاری ہے)

اس دوران قصبہ ترال میں بھارتی فورسزکے مظالم کے خلاف مکمل ہڑتا ل کی گئی جس کی وجہ سے علاقے میں معمولات زندگی مفلوج ہوکررہ گئے۔حریت پسند مشتاق احمد چوپان کے لواحقین نے کہاکہ بھارتی فورسز کے اہلکار رات کے وقت ان کے رہائشی مکان میں داخل ہوگئے اور املاک کی توڑ پھوڑ کے ساتھ ساتھ مکینوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ حریت پسند کے والد غلام احمد چوپان نے کہاکہ بھارتی فورسز کے اہلکار زبردستی ان کے مکان میں گھس گئے اور قیمتی اشیاء کی توڑ پھوڑ کی۔ انہوںنے کہاکہ فورسز کے اہلکاروںنے الیکٹرانک سامان کو بھی تہس نہس کیا اور ہماری کوئی بات نہیں سنی۔