اقوام متحدہ کشمیر بارے اپنی قراردادوں پرعمل درآمد کرانے میں ناکام رہا، رپورٹ

بھارتی فوجیوں نے 1989ء سے اب تک 94 ہزار سے زائد کشمیریوںکو شہید کیا، برہان مظفر وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد 8276 کشمیری پیلٹ سے زخمی ہوئی ،53 سکولوں کو نذر آتش ، 732خواتین کی بے حرمتی کی گئی، رپورٹ

منگل 24 اکتوبر 2017 12:02

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2017ء) اقوام متحدہ کا قیام 1945ء میں عالمی تعاون کے فروغ اور بین الاقوامی تنازعات کے حل کیلئے عمل میںلایا گیا تھا لیکن عالمی ادارہ 0 7برس گزرنے کے باجود تنازعہ کشمیر کو حل نہیں کر اسکا ، جواس کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ اقوام متحدہ کے یوم تاسیس پر کشمیرمیڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی ادارے نے کشمیرکے بارے میں متعدد قرار دادیں منظور کررکھی ہیں جن میں کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا گیا تھا تاہم گزشتہ سات دہائیاں گزرنے کے باوجود عالمی ادارہ اپنی قرار دادوںپر عمل درآمد نہیں کراسکا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت نے یہ قراردادیںمنظورکر کے وعدہ کیا تھا کہ وہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا موقع دے گا لیکن بعد میں وہ اپنے وعدے سے مکر گیا۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا کہ 1989ء سے اب تک بھارتی فوجیوں نے 94 ہزار846 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جن میں سے 7 ہزار99 کو جعلی مقابلوں یا دوران حراست شہید کیا گیا۔رپورٹ میں مزید کہاگیاہے کہ بھارتی فوجیوںنے گزشتہ سال 8 جولائی کو معروف نوجوان رہنماء برہان مظفر وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد شروع ہونے والے انتفاضہ کے دوران پر امن مظاہرین پر گولیوں ، پیلٹ اور آنسو گیس کی شیلنگ سے 169بے گناہ کشمیریوں کو شہید کردیا جبکہ 20 ہزار443 افراد زخمی ہوئے جن میں 8 ہزار276 پیلٹ لگنے سے زخمی ہوئے ۔

پیلٹ لگنے سے 73 افراد مکمل طورپر نابینا ہوگئے جبکہ ایک ہزار 841 افراد کی بینائی جزوی طورپر متاثر ہوئی ۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ اس عرصے کے دوران حریت رہنمائوںاورکارکنوں سمیت 18 ہزار531 افراد کو گرفتار کیاگیا جن میں سے 804 افراد پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیاگیا ۔ رپورٹ کے مطابق انتفاضہ کے دوران فوجیوں نے 65 ہزار548 گھروں اور دیگر عمارتوں کو نقصان پہنچایا ،53 سکولوں کو نذر آتش کیا اور 732خواتین کی بے حرمتی کی ۔

بھارتی فوجیوںنے اس دوران کشمیرویں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے تلاشی اور محاصرے کی ایک ہزار229 کارروائیاں کیں۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ رواںبرس جنوری سے اب تک فوجیوںنے 249کشمیریوں کو شہید کر دیا ۔شہید کیے جانے والے افراد میں سے 22کو دوران حراست یا جعلی مقابلوں میں شہید کیا گیا۔