عوامی تعاون کے بغیر ہم نہیں چل سکتے،

مقامی کلچر پر قدغن نہیں بلکہ آسانی پیدا کرنے کے خواں ہے، ڈی ایف او بٹگرام

منگل 24 اکتوبر 2017 11:24

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2017ء) ڈی ایف او بٹگرام نے کہا ہے کہ عوامی تعاون کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے ہیں، مقامی کلچر اور ضروریات پر قدغن نہیں بلکہ آسانی پیدا کرنے کے خواں ہے، جنگلات کا تحفظ ہی ہماری اصل ذمہ داری ہے، جنگلات کو نقصان پہنچانے والے ملک کے دشمن ہیں جن کا پیچھا گھر تک کریں گے، کلوجرز کی تعیناتیوں میں بے قاعدگی کی انکوائری کے لئے کمیٹی قائم کی ہے، کلوجرز کی تنخواہ کمیٹی نہیں ان کے ذاتی اکائونٹ میں شفٹ کریں گے، لکڑ بالن پر کوئی پابندی نہیں، فارسٹ اہلکاروں کو بے جا تنگ نہ کیا جائے۔

بنہ ریسٹ ہائوس میں سرحد عوامی فارسٹری اتحاد (صافی) کے زیراہتمام جوائنٹ فارسٹ مینجمنٹ کمیٹی و مالکان جنگلات کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الائی کی سرزمین پر وسیع جنگلات موجود ہیں جن کے تحفظ اور مزید اضافہ کے لئے ہم اپنی تمام تر توانیاں صرف کریں گے، غیر قانونی کٹائی کسی صورت برداشت نہیں، ٹمبر مافیا کا دور ختم ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کھلے الفاظ میں کہاکہ جنگلات کی کٹائی کرنے والے مجرم کا گھر تک پیچا کریں گے، مالکان قانون کے تحت اپنی قیمتی املاک سے فوائد حاصل کریں، مزروعہ پالیسی میں مزید آسانی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ ڈی ایف او بٹگرام نے کہا ہے کہ جنگلات کا تحفظ تب یقینی ہو گا جب مالک خود ہی محافظ بنے گا، قبل ازیں ٹمبر مافیا اور مالکان کے ہاتھوں جنگلات کا وسیع رقبہ تباہ ہوا ہے۔

کلوجرز اور بالن کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ کلوجرز کی تعیناتی بارے شکایات ملی ہیں جن کے لئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، خلاف ضابطہ بھرتی ہونے والے گھر چلے جائیں گے، بالن پر مقامی سطح پر کوئی پاندی نہیں ہے، قانونی بالن مقامی لوگوں کی ضرورت ہے، فارسٹ حکام لوگوں کو بے جا تنگ نہ کریں۔ اس موقع پراجلاس سے صافی کے مرکزی رہنما جمشید خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صافی کا مقصد جنگلات کے تحفظ اور مالکان کو ان کے حقوق کی فراہمی ہے، ہم چاہتے ہے کہ علاقہ میں زیادہ سے زیادہ جنگلات پیدا ہوں تاکہ لوگ قانون کے دائرہ میں رہ کر اپنی ضروریات پوری کر سکیں۔

جمشید خان نے ایک قراداد پاس کراتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جے ایف ایم سی کو اختیارات دیکر اس کی معیاد پانچ سال کی جائے، گرین مارکنگ انصاف پر مبنی مقامی و غیر مقامی پرمٹ میں آسانی مرتب کی جائے، درسریڈ کی معلومات کی آسان زبان میں تشریح، جنگلاتی علاقوں میں اسمبلیاں، ریڈ پراجیکٹ کا عمل تیز کرنے سمیت ریڈ شعوری بیداری کے لئے متعلقہ تنظیموںکو فنڈنگ اور جنگلاتی علاقوں کو گیس فراہم کی جائے۔