آٓمروں کی حکمرانی میں پاکستان ترقی نہیں کر سکتا،جمہوریت کا تسلسل ملک میں حکومتی نظام کو بہتر بنانے میں مدد دے گا،پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا محمد افضل کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

منگل 24 اکتوبر 2017 00:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2017ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا محمد افضل نے کہا ہے کہ جمہوریت کا تسلسل ملک میں حکومتی نظام کو بہتر بنانے میں مدد دے گا۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے کام کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محمدنواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے حکمرانی کو بہتر بنایا ہے اور ریکارڈ ترقی کی ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی موثروکارآمد پالیسیوں ہی کی وجہ سے ٹیکس جمع کرنے اور جی ڈی پی کی شرح میں بھی بہتری آئی ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیے کام کریں۔ ایک سوال کے جواب میں رانا محمد افضل کا کہنا تھا کہ آٓمروں کی حکمرانی میں پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔