اختلاف رائے جمہوریت اور جمہوری نظام کی خوبصورتی ہے،پاکستان مسلم لیگ (ن) میں کوئی بھی فارورڈ بلاک نہیں،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

پیر 23 اکتوبر 2017 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم عوامی خدمت کا یہ سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک میں بہتر طرز حکمرانی کو یقینی بنا رہی ہے،انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری جیسا میگا منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی تقدیر بدل دے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے روزگار کے ہزاروں مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے مذید کہا کہ پاکستان کے دشمن ایک ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان نہیں دیکھنا چاہتے۔ سینیٹر عبدالقیوم کا کہنا تھا کہ اختلاف رائے جمہوریت اور جمہوری نظام کی خوبصورتی ہے لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) میں کوئی بھی فارورڈ بلاک نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکا کو چاہیئے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے کیونکہ جنوبی ایشیاء کا امن اس مسئلے سے منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کینیڈین خاندان کو قبائلی علاقے سے بازیاب کرایا گیا ہے اس طرح کی انٹیلی جنس شیئرنگ پاکستان اور امریکا میں بہت ضروری ہے۔