سکائی ڈائیونگ کا شوق ہے،موقع ملا تو چارلی چپلن کے ساتھ کھانا کھاوں گا،فیض احمد فیض کو پسند کرتا ہوں،ٹام کروز سے مولا جٹ فلم بہتر ہے،شادی کا دن زندگی کا سب سے زیادہ خوشی کا دن تھا، وزارت عظمیٰ سے زیادہ وزارت پٹرولیم کو پسند کرتا ہوں،مفتاح اسمٰعیل اور مصدق ملک دونوں کے ساتھ سیلفی نہیں لوں گا

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا ٹی وی انٹرومیں سوالوں کا دلچسپ انداز میں جواب

پیر 23 اکتوبر 2017 22:51

سکائی ڈائیونگ کا شوق ہے،موقع ملا تو چارلی چپلن کے ساتھ کھانا کھاوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سکائی ڈائیونگ کا شوق ہے،موقع ملے تو چارلی چپلن کے ساتھ کھانا کھائوں گا،فیض احمد فیض کو پسند کرتا ہوں،ٹام کروز سے مولا جٹ فلم بہتر ہے،شادی کا دن زندگی کا سب سے زیادہ خوشی کا دن تھا، وزارت عظمیٰ سے زیادہ وزارت پٹرولیم کو پسند کرتا ہوں،مفتاح اسمٰعیل اور مصدق ملک دونوںکے ساتھ سیلفی نہیں لوں گا۔

پیر کو سرکاری ٹی وی کے ساتھ انٹرویومیں وزیراعظم سے ذرا ذاتی نوعیت کے سوالات کئے گئے جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ انہیں سکائی ڈائیونگ کا شوق ہے، کھانا کھانے کا موقع ملے تو چارلی چپلن کے ساتھ کھائوں گا،معیشت کی بہتری کو سیکیورٹی پر بھی ترجیح دیتا ہوں، شادی کا دن زندگی کا سب سے زیادہ خوشی کا دن تھا، مفتاح اسمعیل اور مصدق ملک کے ساتھ سیلفی لینے کا موقع ملے تو دونوں کے ساتھ نہیں لوں گا، وزارت عظمیٰ اور وزارت پٹرولیم میں سے وزارت پٹرولیم کو زیادہ پسند کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی نسبت مری میں رہنا اچھا لگتا ہے کیونکہ یہ میرا آبائی علاقہ ہے، اگر نصیحت لینے کیلئے آصف زرداری اور عمران خان ہی دستیاب ہوں تو دونوں میں سے کسی سے بھی نصیحت نہیں لوں گا، مجھے چھٹیوں کا موقع ہی نہیں ملتا، وزیراعظم ہائوس کی نسبت اپنے گھر میں زیادہ سکون محسوس کرتا ہوں، بہت عرصے سے فلمیں بھی نہیں دیکھیں، ٹام کروز سے مولا جٹ بہتر ہے، حبیب جالب کی نسبت فیض احمد فیض کو زیادہ پسند کرتا ہوں، شام میں واک کو پسند کرتا ہوں اور کرکٹ کی نسبت فٹبال زیادہ پسند ہے۔