25اکتوبر کااجلاس نا انصافی اور استحصال کے خلاف ہے ،چوہدری محمد یٰسین

پیر 23 اکتوبر 2017 22:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2017ء)سی ڈی اے مزدور یونین کی سپریم کونسل کا اجلاس زیر صدارت اورنگزیب خان منعقد ہوا ،اجلاس میں مزدور یونین کے قائد چوہدری محمد یٰسین ،راجہ شاکر زمان کیانی ،صوفی محمود علی ،حاجی مشتاق احمد شاہد ،ملک محمود ،نوازشاہ ،چوہدری شوکت ،سردار آصف ،سلیم بھٹی ،وارث دلیپ ،پادری ناصر ،عباس خان ،چوہدری ظفر ،ملک اختر ،خالد گجر ،خالد محمود ،عابد علوی ،طارق آفریدی ،عارف خان ،اسد محمود ،محمد سرفراز ملک سمیت سینکڑوں ملازمین نے شرکت کی ،سپریم کونسل کے اجلاس میں شعبہ صفائی کی نجکاری کے خلاف اور سی ڈی اے کی موجودہ صورتحال کے بارے میں اہم فیصلے کیے گئے اور 25اکتوبر بروز بدھ صبح نو بجے آبپارہ چوک میں شعبہ صفائی کی نجکاری کے خلاف پر امن احتجاجی مظاہرے میں تمام سی ڈی اے ملازمین اور مسیحی برادری کی بھرپور شرکت کا فیصلہ کیا گیا،جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت کے دور میں ہم نے جمہوریت کے فروغ کی خاطر ہمیشہ ان کی حوصلہ افزائی کی لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اس دور میں ہمارے ملازمین کے خلاف نہ صرف انتقامی کاروائیاں کی گئیں بلکہ مسلسل ہمارے محنت کشوں کا استحصال کیا گیا جس کا بلا واسطہ اور بلواسطہ نقصان سی ڈی اے ملازمین کے ساتھ ساتھ ہماری تنظیم سی ڈی اے مزدور یونین کو بھی پہنچا ،موجودہ دور حکومت میں سی ڈی اے محنت کشوں کو آئے دن نئی سے نئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور حکمرانوں کو ملازمین کے تحفظات سے بار بار آگاہ کرنے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی اور دوسری طرف مزدور یونین ادارے و ملازمین کی بقاء کے لیے عدالتوں میں جنگ لڑتی رہی اور ہماری مشکلات میں مزید اضافہ اس وقت ہوا جب شعبہ صفائی کی نجکاری کا فیصلہ کر کے ہزاروں مسیحی ملازمین کا معاشی قتل کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے نتیجے میں مزدور یونین کے خلاف بھی سازشوں کا آغاز کیا گیاکیونکہ شعبہ صفائی کی نجکاری اور مسیحی ملازمین کو پہنچنے والے نقصان کا اثر براہ راست ہماری تنظیم کو پہنچتا ہے اس لیے کہ مسیحی برادری نے ہمیشہ سی ڈی اے مزدور یونین کے شانہ بشانہ ہوکر محنت کشوں کے حقوق کی جدوجہد اور ہماری تنظیم کی کامیابی میں اہم کر دارادا کیا اب ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے ہم افراتفری کی سیاست اور جلائو گھیرائو پر یقین نہیں رکھتے لہذا ایک بار پھر حکمرانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ ملازمین کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں اور زیادتیوں کا فوری طور پر ازالہ کیا جائے اور اس چیز کا نوٹس لیا جائے کہ وہ کون سے عناصر ہیں جو مسیحی ملازمین اور انکے بچوں کا معاشی قتل کر کے اس شہر کے امن کو خطرے سے دوچار کرنا چاہتے ہیں اور اگر ہمارے مطالبا ت کا نوٹس نہ لیا گیا تو ہم اپنے حقوق اور بقاء کی خاطر کسی بھی اقدام کو اٹھانے سے گریز نہیں کریں گے اور شعبہ صفائی کی نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لینے کی صورت میں سڑکوں پر آکراپنے شدید رد عمل کا اظہار کریں گے کیونکہ یہ ہمارا جمہوری حق ہے ،ہمارا مطالبہ ہے کہ سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کی نجکاری کی بجائے اس ادارے کی بہتری کی خاطر فوری طور پر خالی آسامیوں پر ملازمین کے بچوں کو انکی تعلیمی قابلیت کے اعتبار سے بھرتی کیا جائے اور شعبہ صفائی کو بہترین آلات و مشینری فراہم کی جائے تاکہ ملازمین اپنے کام میں بہتری لا کر اس شہر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کر سکیں ،انھوں نے کہا کہ تمام سی ڈی اے کے محنت کش اور اسلام آباد کی مسیحی برادری شعبہ صفائی کی نجکاری کے خلاف بھرپور طریقے سے پر امن احتجاج میں شریک ہو تاکہ ہمارے ادارے اور ملازمین کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنایا جا سکے ۔