ایس ڈی پی آئی اور پی سی پی کے درمیان مشترکہ تحقیق کے فروغ کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

معاہدے کی رو سے سماجی ترقی کے شعبے میں بہتر کردار کے کے لیے دونوں ادارے مل کر کام کریں گے

پیر 23 اکتوبر 2017 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2017ء)پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) اور پاکستان سینٹر فار فلانتھراپی ( پی سی پی) نے مفاہمت کی ایک یادداشت(ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت دونوں ادارے دونوں ادارے سماجی ترقی اور مقامی آبادیوں کی بہبود کے لیے تحقیق اور دوسرے علمی شعبوں میں تعاون کریں گے۔

مفاہمت کی یادداشت پر ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری اور پی سی پی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر شازیہ مقصود امجد نے دستخط کیے ۔ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے اس موقع پر اپنی گفتگو میں کہا کہایس ڈی پی آئی اور پی سی پی کے درمیان تعاون اس اہم شعبے میں سول سوسائٹی کے مل کر کام کرنے کی جانب اہم پیشرفت ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایس ڈی پی پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے حکومت، سول سوسائٹی اور نجی شعبے سمیت تمام متعلقہ شعبوں کے درمیان تعاون کے فروغ پر یقین رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک منصفانہ اور سب کی شمولیت پر مبنی معاشرے کے لیے مل کر کام کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس حوالے سے ایس ڈی پی نجی شعبے کے ساتھ بھی روابط استوار کر رہا ہے تاکہ کارپوریٹ سماجی ذمہ داریوں کی ادائیگی بہتر اور مربوط انداز میں کی جا سکے۔پی سی پی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر شازیہ مقصود امجد نے اپنی گفتگو میں دونوں اداروں کی درمیان تعاون کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلانتھراپی جیسے اہم شعبے میں مشترکہ تحقیق شعبے کی بہتری اور معاشرے میں بہتر کردار اور خدمت گزاری میں معاون ثابت ہو گی۔ ایس ڈی پی آئی اور پی سی پی نے مفاہمت کی یادداشت کے تحت سماجی ترقی کے مختلف شعبوں کے لیے آگاہی پر مبنی مشترکہ کاوشوں پر بھی رضا مندی کا اظہار کیا ہے۔