ستارہ مارکیٹ یونین کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ، تاجروں کے مسائل جلد حل کرنے کا مطالبہ

پیر 23 اکتوبر 2017 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2017ء) ستارہ مارکیٹ، جی سیون مرکز اسلام آباد کی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے ایسو سی ایشن کے صدر الطاف حسین شاہ کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے نو منتخب عہدیداران کو مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر ایسو سی ایشن کے صدر الطاف حسین شاہ نے کہا کہ ستارہ مارکیٹ اسلام آباد کی سب سے پرانی مارکیٹ ہے اور اس کو جدید خطوط پر ترقی دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے مارکیٹ میں سڑکوں کی کارپٹنگ مکمل کر لی ہے اور سٹریٹ لائٹس بھی بحال کر دیں ہیں جو قابل ستائش ہے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ جی سیون مارکیٹ میں پلازوں کے درمیان کوئی راستہ نہیں ہے جس وجہ لوگوں کو کافی چکر لگا کر ایک پلازے سے دوسرے پلازے میں جانا پڑتا ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے پلازوںکو ایک مختصر راستے کے ذریعے آپس میں ملانے کا بندوبست انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں فلٹریشن پلانٹ اور پبلک باتھ رومز کی عدم دستیابی کی وجہ سے بھی تاجروں کو مسائل کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالخلافہ کی قدیم مارکیٹ ہونے کی وجہ سے سی ڈی اے اس مارکیٹ پر خصوصی توجہ دے اور ستارہ مارکیٹ کو جدید خطوط پر ترقی دینے کی کوشش کرے تا کہ تاجر بہتر ماحول میں کاروبار چلا سکیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تاجر برادری کے مسائل کو حل کرانے کیلئے ستارہ مارکیٹ کی یونین اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔

وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کے بہتر فروغ کیلئے سی ڈی اے کا کردار بہت اہم ہے لہذا تھارٹی مسائل حل کرنے میں بھرپور تعاون کرے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے ستارہ مارکیٹ سمیت اسلام آباد کی تمام مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں کو موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق ترقی دینے کی کوشش کرے تا کہ کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر مارکیٹوں اورصنعتی علاقوں کے مسائل حل کرانے کیلئے اپنا فعال کردار ادا کرے گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید اور نائب صدر نثار احمد مرزا نے اس بات پر زور دیا کہ کاروبا کے بہتر فروغ کیلئے مارکیٹوں میں ترقیاتی کاموں کی جلد تکمیل ضروری ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس ستارہ مارکیٹ کے مسائل کو ہر فورم پر اجاگر کرنے کی کوشش کرے گا تاکہ ان کو جلد حل کیا جائے۔ محمد اعجاز عباسی، باسر دائود، خرم اقبال، چوہدری اشر ف فرزند، خالد چوہدری دیگرنے بھی اجلاس سے خطاب کیا اور ستارہ مارکیٹ کے مسائل کو جلد حل کرنے پر ضرورت پر زور دیا۔

متعلقہ عنوان :