عوام کے حقوق عوام پر بیچنا امیر مقام اور ان کی قیادت کا شیوہ ہے،شاہ فرمان

امیر مقام وفاق کی مدد سے این اے۔4میں ٹرانسفارمرز اور بجلی کے کھمبے فراہم کر کے ووٹ خریدنے کی کوشش کر رہے مخالفین سن لیں تبدیلی ا آغاز ہو چکا ہے اب عوام کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا، صوبائی وزیر اطلاعات کی عوامی وفود سے گفتگو

پیر 23 اکتوبر 2017 22:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور آبنوشی شاہ فرمان نے کہا ہے کہ عوام کے حقوق عوام پر بیچنا امیر مقام اور ان کی قیادت کا شیوہ ہے۔امیر مقام وفاق کی مدد سے این اے۔4میں ٹرانسفارمرز اور بجلی کے کھمبے فراہم کر کے ووٹ خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن وہ سن لیں کہ تبدیلی ا آغاز ہو چکا ہے اب عوام کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا۔

پیر کے روز اپنے دفتر میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات کا کہناتھا کہ امیر مقام تعصب کی عینک اتار کر دیکھیں تو انہیں صوبہ بھر میں صوبائی حکومت کے عوامی مفاد میںاٹھائے گئے عملی اقدامات اور بنیادی سہولیات کی فراہمی نظر آئے گی۔خیبر پختونخوا حکومت پر معیشت کے استحصال کا الزام لگانے والے امیر مقام ذرا یہ بتائیں کہ انکے اپنے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملکی معیشت کا کیا حال کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک ایسا شخص جس پر خود بدعنوانی کے مقدمات چل رہے ہیں وہ ملک کی معیشت اور قومی خزانے کیساتھ کیا انصاف کرے گا۔وفاقی حکومت نے غریب عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈال کر انکی زندگیاں اجیرن بناڈالی ہیں۔مسلم لیگ ن نے کوئی بھی ایسا منصوبہ شروع نہیں کیا جس سے خالصتاً عوام کو فائدہ حاصل ہوا ہو بلکہ ان کے شروع کئے گئے تمام منصوبوں میں عوامی مفادات کی بجائے کمیشن کے حصول کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے صوبہ بھر میں باالخصوص این ای4-میں دہشت گردی کا خاتمہ کر کے امن بحال کیا ہے اور اس امن کی بدولت وہ سیاستدان جو ڈر کے مارے اپنے گھروں سے باہر ہی نہیں نکلتے تھے آج جلسے کرتے نظر آ رہے ہیں۔صوبہ میں امن کے قیام سے عوام کو آسانیاں حاصل ہوئی ہیں تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے سرکاری اداروں کی حالت زار بہتر بنائی ہے میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر صوبے کے نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کی ہیں سیاحت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ صوبہ میں کھیل کے میدان آباد کئے ہیں۔

شاہ فرمان کاکہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے عوامی مفادات کے اقدامات اور عوام کو سہولیات فراہم کر کے ان پر کوئی احسان نہیں کیابلکہ اپنے فرائض کی انجام دہی کی ہے ۔یہی تحریک انصاف اور دیگر سیاسی جماعتوں میں واضح فرق ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ امیر مقام جھوٹ اور منافقت کی سیاست سے این اے۔4کے غیور عوام کو خرید نہیں سکتے۔