امریکہ مسلم ممالک کو لڑاکرانہیں تباہ وبرباد اور ان کے وسائل ہڑپ کر رہا ہے، مولانا عبدالحق ہاشمی

ملک میں کرپشن کی نئی نئی داستانیں رقم ہورہی ہیں، ملک کے اندر پورانظام ہی کرپشن زدہ ہوچکا ہے،کرپشن چھپانے کے لیے ریکارڈ کو غائب کرنا یا جلادینا روایت بن چکا ہے، بیان

پیر 23 اکتوبر 2017 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2017ء) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ امریکہ مسلم ممالک کو لڑاکرانہیں تباہ وبرباد اور ان کے وسائل ہڑپ کر رہا ہے۔دنیا میں امریکی اسرائیلی بھارتی دہشت گردی کا ملکرمقابلہ کرنا ہوگاجے آئی یوتھ انٹراپارٹی الیکشن کے ذریعے اہلیان بلوچستان کو نئی جوان قیادت میسرآئیگی۔

ملک میں کرپشن کی نئی نئی داستانیں رقم ہورہی ہیں۔ ملک کے اندر پورانظام ہی کرپشن زدہ ہوچکا ہے۔کرپشن چھپانے کے لیے ریکارڈ کو غائب کرنا یا جلادینا روایت بن چکا ہے۔جب تک کرپشن کی روک تھام کے حوالے سے سنجیدگی سے اقدامات نہیں کیے جاتے عوام کوریلیف میسر نہیں آسکتا۔انہوں نے کہاکہ ملک میں روزانہ12ارب روپے کی کرپشن نے ثابت کردیا ہے کہ حکمرانوں نے سواچار سالوں میں ملک وقوم کو لوٹنے کے سواکچھ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں روزانہ اربوں روپے کی کرپشن کسی ناسور سے کم نہیں۔اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو وسائل کی دولت سے مالامال بنا یاہے۔معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں اس کے باوجود پاکستان کا شمارپسماندہ ممالک کی فہرست میں ہوتاہے۔کرپشن اور لوٹ مار کرنے کے لیے حکمران ملکی وسائل سے استفادہ کرنے کی بجائے غیر ملکی کمپنیوں کو ٹھیکے دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پانامالیکس میں بے نقاب ہونے والے دیگر436پاکستانیوں اور کرپٹ افرد کا قلع قمع کیاجاناچاہئے۔کرپشن نے ملکی معیشت کوتباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ من پسند افراد لگانے اور لوٹ مار کرنے سے منافع بخش قومی ادارے خسارے میں جاچکے ہیں۔ حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیاں وبال جان بن چکی ہیں۔غریب عوام کو دووقت کی روٹی کمانابھی جوئے شیر لانے کے مترادف ہوگیا ہے۔

ترقی اور خوشحالی کے دعوے کرنے والے عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کچھ نہیں کرسکے۔مولانا عبدالحق ہاشمی نے مزید کہاکہ ملک وقوم کوسب سے زیادہ نقصان کرپشن زدہ حکمرانوں نے پہنچایاہے ۔قومی خزانہ لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں بنانے والوں کا احتساب شروع ہوچکا ہے۔احتسابی عمل کے شروع ہونے سے نہ صرف ملکی جمہوریت اور ادارے مضبوط ہوں گے بلکہ شفاف احتساب سے ملک کو کرپشن جیسی لعنت سے بھی نجات مل سکے گی وفاق کیساتھ صوبائی حکومتوں نے بھی بلوچستان کی محرومیوں میں اضافہ کر دیا ہے ۔

سابقہ وموجودہ صوبائی حکومتیں کرپشن ،اقرباء پروری ،وعوام کیساتھ زیادتیوں میں برابرکے شریک ہیں جماعت اسلامی پسے ہوئے اور محروم طبقہ کی ترجمان جماعت ہے ۔جن لوگوں کی آواز سننے والا کوئی نہیں جماعت اسلامی کے کارکنان ان کا سہارابنیں ۔ حکمرانوں کی پالیسیوںسے عام آدمی پریشانیوں اور محرومیوںکا شکار ہے ،غربت مہنگائی بے روز گاری اور بدامنی نے مستقل ڈیرے ڈال رکھے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :