مقتول تاجر کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،قاتلوں کو جلد گرفتار کر لیا جائیگا ایس ایس پی سکھر

پیر 23 اکتوبر 2017 22:30

سکھر۔23اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے کہا ہے کہ سوکھا تالاب میں ڈکیتی کے دوان قتل ہونیوالے مقتول تاجر کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،قاتلوں کو جلد گرفتار کر کے انہیں قانون کے کٹہرے میں لاکر سخت سے سخت سزا دلائی جائے گی، جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق ان خیالات کا اظہار انہوںنے مقتول کی فیملی سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے اس موقع پر موجود تاجروں اور مقتول کے ورثاء کو قاتلوں کی گرفتاری کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ تاجروں اور شہریوں کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے، جسے ہر حال میں پورا کیا جائے گا، اس کیس کی میں خود تحقیقات کر کے ورثاء کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی سکھر نے کہا کہ مقتول کے لواحقین کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں وہ تسلی رکھیں پولیس اپنا کام کر رہی ہے انشاء اللہ تعالیٰ مرحوم کے ورثاء کے ساتھ انصاف کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن، حاجی عبدالستار راجپوت، شکیل قریشی، حاجی پرویز چنہ، دوا خان و دیگر بھی موجود تھے ۔