شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کی ڈسٹنس ایجوکیشن پروگرام کی ٹیم کا گھوٹکی کیمپس میں سینٹر کے قیام کیلئے دورہ

پیر 23 اکتوبر 2017 22:30

سکھر۔23اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کی وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کی ہدایت پر ڈسٹنس ایجوکیشن پروگرام کی ٹیم نے گھوٹکی کیمپس میں ڈسٹنس ایجوکیشن سینٹر کے قیام کیلئے گھوٹکی کیمپس کا دورہ کیا۔ ٹیم پروفیسر ڈاکٹر چندن لعل ڈائریکٹر ڈسٹنس ایجوکیشن پروگرام، پروفیسر ڈاکٹر تاج محمد لاشاری سربرا ہ شعبہ میڈیا اسٹڈیز اور نذیر احمد منگنیجو ڈائریکٹر ایڈمیشن پر مشتمل تھی۔

کمیٹی نے کیمپس میں موجود سہولیات ، انفراسٹرکچر اور تدریسی عملے کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائیس چانسلر کی اجازت سے گھوٹکی کیمپس میں ڈسٹنس ایجوکیشن سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا۔اس سینٹر میں ایم اے انگریزی، معاشیات اور سوشیالاجی (دوسالہ پروگرام) کی تعلیم سالانہ طرز پر دی جائے گی۔اس سینٹر میں داخلے 25اکتوبر 2017سے شروع ہوں گے جو 27نومبر 2017تک جاری رہیں گے۔ داخلہ فارم حبیب بینک پنوعاقل، گھوٹکی، ڈہرکی اور اباڑو کی شاخوں سے مبلغ 1000روپے کی ادائیگی کے ساتھ حاصل کیئے جاسکتے ہیں۔ کلاسوں کا آغاز 3دسمبر2017سے ہوگا۔ داخلہ کے متعلق تمام تر معلومات شعیب خان انڈھڑ فوکل پرسن ڈسٹنس ایجوکیشن پروگرام سے 0333-2639335اور 0300-7152665پر رابطہ کرکے حاصل کی جاسکتی ہیں۔