فیصل آبا د وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اور انسٹی ٹیوٹ آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

پیر 23 اکتوبر 2017 22:20

فیصل آباد۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) فیصل آبا د وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اور انسٹی ٹیوٹ آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں جس کے تحت دونوں ادارے وومن ایمپاورمنٹ ٹیکنیکل ایجوکیشن اور متعلقہ مسائل کے بارے میں تعاون کو فروغ دینگے۔ اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط آج فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی ایک تعارفی تقریب کے دوران ہوئے جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ایف ڈبلیو سی سی آئی کی صدر محترمہ روبینہ امجد کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں انسٹیٹیوٹ کی پروگرام ڈائریکٹر مسز قراة العین نے بھی شرکت کی اور اس مفاہمتی یادداشت پر ایک ادارے کی طرف سے دستخط کئے ۔

(جاری ہے)

مسز روبینہ امجد نے کہا کہ حکومت خواتین کو ملکی معیشت کے دھارے میں شامل کرنے کیلئے کلیدی نوعیت کے اقدامات اٹھا رہی ہے جبکہ اقوام متحدہ کے علاوہ کئی ترقی یافتہ ممالک بھی خواتین کی ترقی کیلئے پاکستان کی مدد کرنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اس سلسلہ میں پل کا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس سال جنوری میں چین میں ہونے والی انٹر پاکستان ، چائنا کانفرنس میں فیصل آباد کی خواتین کی نمائندگی کرینگی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی بانی ممبران پر دوہری ذمہ داری عائدہوتی ہے کہ وہ اپنے کاروبار کی ترقی کے ساتھ ساتھ تعلیم یافتہ اور ہنر مند خواتین کی بھی راہنمائی کریں تاکہ ان کو قومی دھارے میں شامل کر کے ملکی معیشت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت خواتین کی ایک بڑی تعداد ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا نہیں کر رہیں۔ جس کی وجہ سے عالمی سطح پر پاکستان کے بارے میں منفی تاثرات پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے خواتین کو معاشرے کا مفید ، فعال اور کار آمد حصہ بنانے کیلئے کئی اقدامات اٹھائے ہیں تاہم اس ماحول کو تبدیل کرنے کیلئے پڑھی لکھی خواتین کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ اس اجلاس میں شریک خواتین چیمبر کی ممبران نے اپنا تعارف کرایا اور اپنے کاروباری مسائل کی بھی نشاندہی کی۔ اس شیک ہنڈ میٹنگ میں سنیئر نائب صدر ہانیہ جاوید ، نائب صدر عروہ نبیل ، مس شمع احمد، مس سمیرا اشرف ، مس ناہید سعید ، مس تہمینہ افضل ، ہانیہ مدثر اور دیگر مشہور کاروباری خواتین نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :