بلوچستان میں شاہراہوں پرہونے والے حادثات کی بناء پر موٹروے پولیس کے اہلکاروں کی تعداد بڑھائی جائے، ٹریفک حادثات میں زخمی ہونے افراد کابہترعلاج معالجہ کرنے کیلئے بلوچستان میں شاہراہوں پرٹراماسینٹرز بنائے جائینگے ،قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے چیئرمین محمد مزمل قریشی کی کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 23 اکتوبر 2017 22:11

کوئٹہ ۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے چیئرمین محمد مزمل قریشی نے کہاہے کہ بلوچستان میں شاہراہوں پرہونے والے حادثات کی بناء پر موٹروئے پولیس کے اہلکاروں کی تعداد بڑھانے کیلئے موٹروے پولیس اوروزرات مواصلات کے حکام کو سفارش کی ہے جبکہ بلوچستان میں شاہراہوں پرٹراماسینٹرز بنائے جائینگے تاکہ ٹریفک حادثات میں زخمی ہونے افراد کابہترعلاج معالجہ کیاجاسکیں ۔

ان خیالات کااظہار پیرکو کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں قائمہ کمیٹی کے راکین مولاناقمر الدین ،نسیمہ حفیظ پانیزئی ،انجینئرحامد الحق،نذیر احمد ،چوہدری خالد جاوید وڑائچ ،انجینئر عثمان ترہ کئی،سلیم الرحمن کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

محمد مزمل قریشی نے کہاکہ وفاقی حکومت کے ہائی ویز کے منصوبوں کاجائزہ لینے کیلئے آج قائمہ کمیٹی کا کوئٹہ میں اجلاس رکھاہے مگرصوبائی حکومت کاکوئی نمائندہ کمیٹی کے اجلاس میں نہیں آیا ہے جبکہ وفاقی وزرات مواصلات کے اعلیٰ حکام نے بھی اطلاع کے باوجود کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کی جس سے قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے اراکین کا استحقاق مجروع ہواہے ۔

انہوںنے کہاکہ ہم نے وفاقی حکومت کے تعاون سے بلوچستان میںشاہراہوں کی تعمیر اورمحکمہ مواصلات کے منصوبوں کے بارے میں عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ہمیشہ اپنا بھرپورکرداراداکیاہے اوراس ضمن میںقائمہ کمیٹی وفاقی حکومت اوربلوچستان حکومت کے نمائندوں کے درمیان پل کرداراداکررہی ہے۔