ڈپٹی کمشنرنے دوران زچگی خاتون کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا

پیر 23 اکتوبر 2017 22:11

جھنگ۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء)نواحی علاقہ ماچھی وال کی رہائشی 25سالہ خاتون کی زچگی کے دوران موت واقع ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حبیب احمدبٹر کی سربراہی میں چار رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کرکے فوری تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنرمدثر ریاض ملک کے حکم پر بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کو ہدایات دی گئیں ہیں کہ وہ غریب حاملہ خاتون کو دیہی مرکز صحت کوٹ شاکر اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں آپریشن کی سہولت فراہم نہ کرنے ، موت کی اصل وجہ اور ذمہ داران کا تعین کرکے ایک یوم کے اندر تحقیقاتی رپورٹ پیش کریں۔

تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر حبیب احمد بٹر کا کہنا ہے کہ معاملہ کی مکمل اور ہر پہلو سے تحقیقات کرکے متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائیگا ۔