6کروڑ50لاکھ روپے کی لاگت سے یونین کونسل پکا گڑھا کی گلیوں اور سیوریج کے مختلف منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، صوبائی وزیر بلدیات

پیر 23 اکتوبر 2017 22:10

سیالکوٹ۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء)6کروڑ50لاکھ روپے کی لاگت سے یونین کونسل پکا گڑھا کی گلیوں میں ٹف ٹائیلز اور سیوریج کے مختلف منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے جبکہ مین روڈ بیتھانیہ ہسپتال میں ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے ٹف ٹائیلز لگانے کا منصوبہ مکمل کرلیا گیا ہے ۔ یہ بات صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے یونین کونسل پکا گڑھا سیالکوٹ میں بیتھانیہ ہسپتال روڈ کے افتتاح کے موقع پر اہلیان علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

یوسی چیئرمین میاں محمد آصف ، وائس چیئرمین عمر عابد بٹ اور سینئر نائب صدر پی ایم ایل این سٹی سیالکوٹ غلام عباس نمبردار کے علاوہ کونسلران، مقامی مسلم لیگی عہدیداران اور کارکنان کثیر تعداد میں اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیربلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اضلاع میں ماڈل قبرستانوں کے قیام کیلئے شہر خموشاں اتھارٹی قائم کردی ہے جس کے تحت شہر اقبال ؒ میں بھی ماڈل قبرستان کی تعمیر کیلئے جلد موزوں اراضی کا انتخاب کرکے کام کا آغاز کردیا جائے گا۔

۔ انہوں نے موقع پر بلدیاتی نمائندوں پر زور دیا کہ عوام نے انہیں اپنی خدمت کیلئے منتخب کیا ہے لہذا وہ اپنی تمام تر توجہ عوام کی خدمت پر مرکوز رکھیں اور ان کے مسائل ان کے گھر کے دہلیز پر حل کرنے کیلئے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں ۔ انہوں نے کہاکہ خدمت خلق سے بڑھ کر کوئی عبادت نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی امیداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام الناس کو بہتر ین میونسپل سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کا منشور عوام کی خدمت ہے اور عوام کی خدمت کا سفر جاری و ساری رہے گا۔