ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی سیالکوٹ نہایت فعال انداز میں کام کررہی ہے، ڈپٹی کمشنر

پیر 23 اکتوبر 2017 22:10

سیالکوٹ۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء)ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی تحصیل سطح پر ہر ہفتے اجلاس منعقد کرکے بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کا ازالہ کرے گی‘ ضلعی سطح پر ہر پندرہ روز بعد اوورسیز کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جائے گا تاکہ زیر التواء شکایات کو تیزی سے نمٹایا جاسکے۔ یہ فیصلہ ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی سیالکوٹ کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت چیئرمین ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی سیالکوٹ چودھری طارق سبحانی نے کی جبکہ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرخ نوید ، ڈی پی او اسدسرفراز خان، اے ڈی سی آر اصغر علی جوئیہ، اے سی سیالکوٹ شاہد عباس، اے سی سمبڑیال توقیر الیاس چیمہ، اے سی ڈسکہ عدنان شہزادخان، اے سی پسرور عمر شیراز ی ، سی اوایم سی ایس ظفر قریشی اور ڈسٹرکٹ اٹارنی عرفان ڈوگرکے علاوہ متعلقہ محکموں کے مقامی حکام اور سائلین نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مجموعی طور پر 98شکایات کی سماعت کی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرخ نوید نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی سیالکوٹ نہایت فعال انداز میں کام کررہی ہے کمیٹی کو اب تک 268شکایات موصول ہوئی ہیں ان میں سے بیشتر کا ازالہ کردیا گیا ہے اور دیگر کے حل کیلئے اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈی ایس پیز پر مشتمل سب کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں ہیں جو تحصیلوں میں ہر ہفتہ باقاعدہ اجلاس منعقد کریں گی ۔

انہوں نے ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ اپنی عدالتوں میں زیر اوورسیز کے مقدمات ترجیحی بنیادوں پر مقررہ مدت میں نمٹائے جائیں اور اسی طرح پولیس بھی اپنے متعلقہ شکایات پر جلد فیصلہ کرے ۔چیئرمین کمیٹی چودھری طارق سبحانی نے کہاکہ سمندر پار پاکستانیر وطن عزیز کو قیمتی زر مبادلہ کما کربھیجتے ہیں اور ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں اور اس سلسلہ میں ضلع کی سطح پر کی جانے والی کوششوں کی براہ راست نگرانی کررہے ہیں۔ ڈی پی او سیالکوٹ اسد سرفرا ز نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے ضلعی پولیس انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کررہی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔