یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹر ی ٹیسٹ 29اکتوبر کو منعقد ہوگا‘ڈپٹی کمشنر

پیر 23 اکتوبر 2017 22:10

سیالکوٹ۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرخ نوید نے کہا ہے کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹر ی ٹیسٹ 29اکتوبر کو منعقد ہوگا‘ ٹیسٹ میں شرکت کرنیوالے طلبہ و طالبات کیلئے الگ الگ سنٹرز بنا ئے گئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے انٹر ی ٹیسٹ کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسد سرفراز خان، اے ڈی سی جی میثم عباس، اے سی شاہد عباس،ڈی ایم او ضمیر حسین، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر جاوید اقبال وڑائچ، ایم ایس علامہ اقبال میموریل ہسپتال ڈاکٹر خالد فیض،پرنسپل مرے کالج پروفیسر جاوید بلا ، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے نمائندہ ڈاکٹر خالد، سی او میونسپل کارپوریشن ظفر قریشی،ڈی ایس پی ٹریفک سہیل فاضل و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مجموعی طور پر 2ہزار 60 زائد طلبہ و طالبات انٹری ٹیسٹ میں شرکت کریں گے، ان میں 1555طالبات کیلئے پائلٹ سکول اور 505طلبہ کیلئے جامع ہائی سکول کو سنٹر بنایا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انٹری ٹیسٹ کے سنٹرز میں ٹیسٹ کے روز دفعہ 144کا نفاذ ہوگا، صرف رولنمبر سلپ کا حامل ہی سنٹر میں جاسکے گا، طالب علم کا شناختی کارڈ بھی چیک کیا جائے گا اور مخصوص طلبہ کی نادرا کے ذریعے ویری فیکیشن بھی کی جائے گی۔

انہوںنے کہا کہ انٹری ٹیسٹ کا مواد پولیس فورس کی زیر نگرانی لایا جائے گا، ضلعی انتظامیہ اپنی نگرانی میں امتحانی میٹریل ڈی سیل اور ٹیسٹ کے بعد سیل کرے گی، نگران سٹاف یقینی بنائے گا کہ سو فیصد امتحانی کاپیاں ٹیسٹ کے بعد واپس لی جائیں۔ڈی پی او اسد سرفراز نے کہا کہ انٹری ٹیسٹ کا شفاف انعقاد یقینی بنانے کیلئے پولیس اپنی ذمہ داری سرانجام دے گی، انٹری کے راستوں پر واک تھرو گیٹ لگائے جائیں گے، پولیس کے ساتھ سول ڈیفنس کے رضا کار بھی ڈیوٹی دیں گے، امتحانی مواد جہاں رکھا جائے گا وہاں سی سی ٹی وی کیمرہ نصب ہوگا۔

انہوںنے کہا کہ انٹری ٹیسٹ کے موقع پر ٹریفک کا نظام رواں دواں رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ گاڑیوں کی پارکنگ مرے کالج میں کی جائے گی ۔