پولیس کو جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لئے جدید ٹیکنالوجی فراہم کی جا رہی ہے ، ڈی پی او

پیر 23 اکتوبر 2017 22:10

سیالکوٹ۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) پولیس کو جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لئے جدید ٹیکنالوجی فراہم کی جا رہی ہے ‘ اب تفتیش کے لئے پولیس تھرڈ ڈگری کا استعمال نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرے گی‘ جس سے جرائم پیشہ عناصر کی بروقت شناخت و تشخیص عمل میں لائی جائے گی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جرائم پیشہ عناصر کے لئے زمین تنگ ہونا شروع ہو گئی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ اسد سرفراز خان نے اپنے دفتر میں پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ جب تک پولیس جدید سائنسی خطوط پر استوار نہیں ہوتی اور ٹیکنالوجی کو روبہ عمل میں نہیں لاتی اس وقت تک جرائم کا گراف نیچے نہیں آسکتا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے عہد حاضر کے درپیش چیلنجز سے نمبردآزما ہونے اور مجرموں سے دوبہ دست ہونے کے لئے سکیورٹی کے حساس معاملات کے حل اور لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنا کر قانون کے عملی نفاذ کے لئے جدید سائنسی ٹیکنالوجی کو اپنی پریکٹس میں لانا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈی پی او سیالکوٹ اسد سرفراز خان نے کہا جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے تفتیش میرٹ پر ہو گی ۔ کوئی مجرم قانون کی گرفت یا کسی گناہ گار کو معصوم نہیں ٹھہرایا جاسکے گا اور اس سارے معاملہ کی ڈی پی او بذات خود نگرانی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ پولیس نے جرائم کے خاتمہ کے لئے واضح ترجیحات کا تعین کیا ہے اور شہریوں کے پولیس سے متعلقہ مسائل فوراً حل کرنے کا عزم کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :