پاکستان اور یورپی فری ٹریڈ ایسوسی ایشن کا مستقبل میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرنے سے اتفاق

فریقین کی سرمایہ کاری، دوطرفہ تجارت کی صورتحال اور سرمایہ کاری میں اضافہ بارے تجاویز پاکستان ایفٹا کے رکن ممالک کو ترجیحی تجارتی معاہدہ بارے تجویز بھی بھیجے گا

پیر 23 اکتوبر 2017 22:02

جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2017ء) پاکستان اور یورپی فری ٹریڈ ایسوسی ایشن (ایفٹا) نے مستقبل میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری مواقع سے استفادہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستان اور ایفٹا کے رکن ممالک کا پہلا اجلاس پیر کو جنیوا میں منعقد ہوا۔ یہ مذاکرات مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئے۔ فریقین نے اپنے اپنے ممالک میں ہونے والی اقتصادی پیشرفت کو اجاگر کیا اور سرمایہ کاری، دوطرفہ تجارت کی صورتحال اور سرمایہ کاری میں اضافہ بارے تجاویز پیش کی گئیں۔

ای ایف ٹی اے (ایفٹا) چار ممالک کی آزادانہ تجارتی ایسوسی ایشن ہے جس کے ارکان ممالک میں آئس لینڈ، لیچٹنسٹین، ناروے اور سوئٹرزلینڈ شامل ہیں۔ دونوں اطراف میں سرمایہ کاری اور تجارت کے بے پناہ مواقع اور گنجائش ہے جبکہ 588 ملین ڈالر کی دوطرفہ تجارت اس صلاحیت کی عکاسی نہیں کرتی۔

(جاری ہے)

مذاکرات کے دوران سیکرٹری تجارت محمد یونس ڈھاگہ نے پاکستان کی نمائندگی کی اور ان دوستانہ و آزادانہ تجارتی پالیسیوں کے بارے میں بتایا جن سے ملک کے اندر سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔

سیکرٹری تجارت نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے پاکستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری، توانائی اور ٹیلی مواصلاتی رابطوں میں بہتری اور دیگر انفراسٹرکچر کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت ترقی اہم خصوصی سنگ میل ہے جس سے نہ صرف خطہ بلکہ پاکستان میں یورپین سرمایہ کار بھی مستفید ہوں گے۔

سیکرٹری تجارت نے مزید کہا کہ پاکستانی کاروباری افراد کے ساتھ مشترکہ منصوبوں سے ایفٹا کے کاروباری افراد خطہ میں اپنے نقش پا قائم کریں گے اور پاکستان کے وسطی ایشیاء اور جنوبی خطہ سے بڑھتے ہوئے رابطوں سے مستفید ہوں گے۔فریقین نے پاکستان ایفٹا کے رکن ممالک کے اجلاسوں کے انعقاد اور تجارت کیلئے سہولیات کی فراہمی پر اتفاق کیا۔ دونوں اطراف نے مشترکہ منصوبوں اور برآمدات کے فروغ کی حوصلہ افزائی کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں اطراف نے پاکستان اور ایفٹا کے مابین ترجیحی تجارتی معاہدہ پر بھی اتفاق کیا۔ پاکستان ایفٹا کے رکن ممالک کو ترجیحی تجارتی معاہدہ بارے تجویز بھی بھیجے گا۔

متعلقہ عنوان :