قوم بجلی کے بحران کے خاتمے کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے تاریخی کارنامے کو ہمیشہ یادرکھے گی‘ زمینوں پر قبضے اور اربوں روپے کے قرضے معاف کرانیوالے کس منہ سے کرپشن کیخلاف واویلا کرتے ہیں، عوامی خدمت کے نئے وژن کیساتھ 2018ء کے انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کرینگے

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی مسلم لیگ(ن) کے وفد سے گفتگو

پیر 23 اکتوبر 2017 21:52

لاہور۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ 3600 میگاواٹ کے گیس پاور منصوبوں میں شفافیت کی اعلیٰ مثال قائم کرکے قوم کے 112 ارب روپے بچائے گئے ہیں اور یہ منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل ہو ئے ہیں، گیس پاور پراجیکٹس سے حاصل ہونے والی بجلی صارفین کو سستی مہیا ہو رہی ہے اور منصوبوں کو جس شفافیت اور تیز رفتاری کیساتھ مکمل کیا گیا ہے، پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

گزشتہ سوا چار برس کے دوران جس سپیڈ سے توانائی کے منصوبوں کو مکمل کیاگیا ہے، دنیا بھی اس کی معترف ہے۔ قوم بجلی کے بحران کے خاتمے کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے تاریخی کارنامے کو ہمیشہ یادرکھے گی۔ 1320میگاواٹ کا ساہیوال کول پاور پلانٹ 22ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیاگیا ہے،دنیا میں اتنی پیدواری گنجائش کا بجلی کامنصوبہ اتنے کم عرصے میں مکمل نہیں کیاگیا۔

(جاری ہے)

چین میں بھی ایسے منصوبے 22ماہ کی مدت میں مکمل نہیں ہوئے،بلاشبہ بجلی کے منصوبوں کی تیزرفتاری سے تکمیل کے عالمی ریکارڈ بن رہے ہیں۔وہ پیر کے روز یہاں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے وفد سے گفتگو کررہے تھے ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ ہماری حکومت نے قومی وسائل شفاف طریقے سے قوم پر صرف کئے ہیں جبکہ ماضی کے حکمرانوں نے اپنے دور میں کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے ۔

زمینوں پر قبضے اور اربوں روپے کے قرضے معاف کرانے والے آج کس منہ سے کرپشن کیخلاف واویلا کرتے ہیں ۔بے بنیاد الزامات لگانے والے پہلے اپنے کرپشن آلودہ گریبانوں میں جھانکیں۔ باشعور عوام جان چکے ہیں کہ شکست خوردہ عناصر کے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے جب اقتدار سنبھالا تو توانائی کا مسئلہ بہت گھمبیر صورت اختیار کرچکا تھا۔

غربت،افلاس ،بے روزگاری اوربجلی کے اندھیرے سابق حکمرانوں کی کرپشن کے تحفے ہیں۔سابق کرپٹ حکمرانوں نے قومی وسائل کی لوٹ مار کر کے اپنی جیبیں تو بھریں لیکن بجلی بحران کے خاتمے پر کوئی توجہ نہ دی۔نندی پور پاورپلانٹ بھی انہیں لٹیروں کی ہوس زر کا شکار ہوا ۔اگر سابق حکمران وسائل کی لوٹ مار کی بجائے بجلی بحران کے خاتمے پر توجہ دیتے تو ملک اندھیروں میں نہ ڈوبتا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک طرف وسائل کی لوٹ مار کرنے والے سابق حکمران ہیں تو دوسری طرف منفی طرز سیاست سے قوم کی مشکلات بڑھانے والے عناصر ہیں۔ ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے اورترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوںکو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی لوٹ مار اور دھرنوں کی آڑ میں پاکستان کی معیشت کیساتھ گھناؤنا کھیل کھیلا گیا۔

پاکستان کی قسمت کیساتھ سفاک کھیل کھیلنے والوں کو ملک کی ترقی اور خوشحالی عزیز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے وسائل کو نہ صرف قومی امانت سمجھ کر ایک ایک پائی کو دیانتداری اور شفاف طریقے سے استعمال کو یقینی بنایا بلکہ دھرنوں کے باعث قوم کے ضائع کئے گئے وقت کی تلافی بھی کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2013 کے انتخابات میں کئے گئے وعدے پورے کرکے عوام کی عدالت میں سرخرو ہوئے ہیں اور عوامی خدمت کے ایک نئے وژن کیساتھ 2018ء کے انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کریں گے۔