سندھ سے نئی فصل کی سپلائی شروع ہونے سے ٹماٹر کے نرخ جلد پہلے کی طرح معمول پر آجائیں گے، شیخ علائوالدین

پیر 23 اکتوبر 2017 21:52

لاہور۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت شیخ علائوالدین نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں ٹماٹر کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے اور پنجاب میںسندھ سے آئندہ 15روز تک نئی فصل کی سپلائی شروع ہونے سے نرخ پھر پہلے کی طرح معمول پر آجائیں گے ۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دیگر سبزیوں اور پھلوں کے نرخوں میں استحکام ہے تاہم پیاز کے نرخوں میں تیزی پائی جاتی ہے ،جس کا سدباب جلد نئی سپلائی شروع ہونے پر ہوجائے گا۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے سول سیکرٹریٹ میں ٹماٹر کی قیمتوں اور سپلائی کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید، سیکرٹری لائیو سٹاک نسیم صادق اور دیگر متعلقہ افسروں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت ٹماٹر کی ٹنل کاشت پر 50فیصد سبسڈی دیتی ہے۔ سندھ سے ٹماٹر کی 38فیصد سپلائی ہوتی ہے ،لیکن اس وقت سب سے زیادہ پیداوار خیبرپختونخوا سے آرہی ہے۔

اس وقت مارکیٹ میں ٹماٹر کا ہول سیل ریٹ 74روپے ہے جس میں بتدریج کمی آرہی ہے۔ سیکرٹری لائیوسٹاک کی تجویز پر کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ پولٹری کی صنعت بالخصوص چھوٹے فارمرز کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ ضلعی یا مقامی سطح پر پولٹری کی قیمتوں کے تعین کی اجازت پر بھی غور کیا جاسکتا ہے تاہم اس کیلئے پہلے محکمہ لائیوسٹاک مارکیٹ کی صورتحال پر تفصیلی رپورٹ دے۔

سیکرٹری لائیوسٹاک نے بتایا کہ پنجاب میں پولٹری کے 6ہزار شیڈز ہیں جن میں گزشتہ 2سال سے کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ اس تناظر میں پولٹری کی صنعت کو استحکام دینے کیلئے کئی اقدامات کی ضرورت ہے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ پنجاب حکومت چھوٹے پولٹری فارمرز کے مفادات کو یقینی بناتے ہوئے فارمر اور صارف دونوں کے حقوق میں توازن قائم رکھے گی۔صوبائی وزیر انڈسٹریز نے کہا کہ کچھ عرصہ سے ٹماٹر وغیرہ کو لیکر عوام کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے ،تاہم حکومت کی مثبت کا وشوں کی بناء پر اب بہت جلد یہ مسئلہ حل ہونے کے قریب ہے۔

متعلقہ عنوان :