آئی جی سندھ سے نمائندہ آئی سی سی ریگ ڈیکاسن کی ملاقات، پی ایس ایل میچز کیلئے سیکورٹی معاملات پر گفتگو

کرکٹ میچز کے لئے فول پروف سیکیورٹی منصوبہ تیار کیا ہے جس پر پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر ادارے مشترکہ حکمت عملی اور مربوط روابط کے تحت عمل درآمد کو ہر سطح پر یقینی بنائیں گے ۔طویل عرصہ بعد کراچی میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی انتہائی خوش آئند ہے، آئی جی سندھ کی ملاقات کے دوران گفتگو

پیر 23 اکتوبر 2017 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2017ء) انٹرنیشنل کرکٹ کلب( آئی سی سی ) کے نمائندہ ریگ ڈیکاسن نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سے ملاقات کی انکے ہمراہ پاکستان کرکٹ بورڈکے چیف سیکیورٹی آفیسر کرنل ریٹائرڈ اعظم خان بھی تھے ۔ملاقات/اعلٰی سطحی اجلاس میں کراچی میں ماہ فروری میں منعقدکئے جانیوالے پی ایس ایل میچز کے دوران بین الاقوامی معیار کی سیکیورٹی فراہم کرنے جیسے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی جی سندھ نے آئی سی سی کے نمائندہ اور پی سی بی کے سیکیورٹی چیف سمیت قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں/ایجیسیز کے نمائندگان کو خوش آمدید کہا۔انہوں نے بتایا کہ ڈی آئی جی ایسٹ نے تمام تر جائزوں اور مشاورت پر مشتمل کرکٹ میچز کے لئے فول پروف سیکیورٹی منصوبہ تیار کیا ہے جس پر پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر ادارے مشترکہ حکمت عملی اور مربوط روابط کے تحت عمل درآمد کو ہر سطح پر یقینی بنائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز کے بعد کراچی میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی انتہائی خوش آئند ہے یہ نا صرف کراچی بلکہ سندھ کے عوام کی بھی دیرینہ خواہش تھی جس سے بلاشبہ پورے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ میچز کے انعقاد کی واپسی یقینی ہوجائیگی۔انہوں نے نمائندہ آئی سی سی کو یقین دہانی کرائی کہ صوبے کی عوام اور سندھ پولیس وقانون نافذ کرنیوالے دیگر ادارے اپنی میزبانی اور مشترکہ سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات سے یہ ثابت کرینگے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ میچز کی واپسی باالکل درست فیصلہ ہے ۔

کیونکہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان کے عوام کی بھی ایک کثیرتعداد کرکٹ کے شوقین ہیں۔ڈی آئی جی ایسٹ نے اس موقع پر کرکٹ میچز کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف اقدامات پر خصوصی حوالوں سے بریفنگ دی جس میں کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کا پروٹوکول،اطراف کی سیکیورٹی،ائیرپورٹ سیکیورٹی،ٹرانسپورٹ، ٹریول سیکیورٹی،منخب کردہ محفوظ روٹس مقامات پر سیکیورٹی،اسٹیڈیم کے اطراف میں حصار سیکیورٹی،ٹریفک /پارکنگ پلان،وغیرہ سمیت خصوصی ایس او پیز کے ساتھ ساتھ کمانڈ اینڈکنٹرول سینٹر سے مانیٹرنگ قابل ذکر تھے ۔

ریگ ڈیکاسن نے اس موقع پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کرکٹ سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات پراپنے اطمینان کا اظہار کیا اور سیکیورٹی پلان کو انتہائی جامع اور غیرمعمولی قرار دیا۔بعداذاں انہوں نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا بھی دورہ کیا اور سیکیورٹی مانیٹرنگ اقدامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر سندھ پولیس کی جانب سے آئی جی سندھ نے نمائندہ آئی سی سی کو یادگاری شیلڈ دی۔اجلاس میں کراچی، سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کے ایڈیشنل آئی جیز،ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سندھ،ایسٹ اور ساؤتھ کے ڈی آئی جیز،اے آئی جی آپریشنز سندھ کے علاوہ آرمی،رینجرز،ایم آئی، آئی ایس آئی اور آئی بی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔