اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے نوجوانوں کو خود کو ایسے لوگوں سے دور رکھنا چاہیے جو مذہب کاغلط استعمال کر تے ہیں، پروفیسر ڈاکٹر ارشد علی

نوجوانوں کو اپنی پڑھائی پر توجہ دینا چاہیے کچھ عناصر مذہب کے نام پر بھڑکا کر نوجوانوں کو جذباتی کرتے ہیں، ایگزیکٹوڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد

پیر 23 اکتوبر 2017 21:32

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2017ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ارشد علی نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے نوجوانوں کو خود کو ایسے لوگوں سے دور رکھنا چاہیے جو مذہب کاغلط استعمال کر تے ہیں، نوجوانوں کو اپنی پڑھائی پر توجہ دینا چاہیے کچھ عناصر مذہب کے نام پر بھڑکا کر نوجوانوں کو جذباتی کرتے ہیں، ملک بھر کی 188 جامعات میں اس وقت ساڑھے 13لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات زیرتعلیم ہیں، ملک میں پی ایچ ڈی اساتذہ کی تعداد 12 ہزار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہران یونیورسٹی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے 15 سالا جشن کی اختتامی تقریب اور نئے 17ویںبیچ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر ارشد علی نے کہا کہ 2002ء میں جب ہائر ایجوکیشن کمیشن بنا تو اس وقت ملک میں صرف 68 جامعات تھیں جو آج 188 تک پہنچ گئی ہیں، 2002ء میں یونیورسٹیوں میں زیرتعلیم طلبہ کی تعداد 2لاکھ 60ہزار تھی جو اب بڑھ کر ساڑھے 13لاکھ ہو گئی ہے جس میں زیادہ تعداد طالبات کی ہے، انہوں نے کہا کہ 2002ء میں یونیورسٹیوں میں پڑھانے والے اساتذہ میں صرف 3 ہزار پی ایچ ڈی تھے جو اب 12 ہزار ہیں، انہوں نے کہا کہ مہران یونیورسٹی نہ صرف انجینئرنگ یونیورسٹیوں میں انفرا اسٹرکچر اور تدریسی معیار کے حساب سے بہترین ہے بلکہ وہ دنیا کی کتنی ہی جامعات کے مقابلے جیسی انجنیئرنگ یونیورسٹی ہے، ملکی ترقی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کا اہم کردار ہے۔

مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے نئے 17ویںبیچ کے طلباء کو مبارکباد پیش کی کہ جو ہزاروں طلبہ سے داخلہ ٹیسٹ میں مقابلہ کر کے مہران یونیورسٹی میں داخلہ لینے میں کامیاب ہوئے، انہوں نے کہا کہ 2002ء کے بعد ملک میں جو بھی ٹیکنالوجی، تدریسی اور تحقیقی تبدیلیاں آئی ہیں ان کے پیچھے ہائر ایجوکیشن کمیشن کا ہاتھ ہے، ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ملک میں معلوماتی ورکروں ، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے ماہرین کی تعداد میں بڑا اضافہ کیا ہے جو کہ ملک کے ہر شعبے کو ترقی دلوانے میں مین کردار ادا کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ مہران یونیورسٹی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے بہت ترقی ہوئی ہے مستقبل میں بھی امید کی جاتی ہے ہائر ایجوکیشن کمیشن ایسے ہی اپنا تعاون جاری رکھے گی۔

ہیک کی 15سالہ اختتامی تقریب میں مضمون نویسی، پوسٹر بنانے ، تحقیقی ماڈل بنانے تعلیمی نعرہ اور لوگوبنانے سمیت دیگر مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات اور اساتذہ میں نقد انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے، تقریب سے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحہٰ حسین علی ، ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل الیکٹرونکس اینڈ کمپیوٹر سسٹم انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر بھوانی شنکر چودھری اور ہیک کے ریجنل ڈائریکٹر جاوید میمن نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :