نجی ہسپتال میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت آپریشن کے دوران خاتون جاںبحق ،ورثا کا ڈاکٹر کے خلاف قومی شاہراہ پر احتجاج ،ٹریفک معطل

مریضہ کو سرکاری ہسپتال لیکر آئے تھے، ڈاکٹر نے سرکاری ہسپتال میں آپریشن کی عدم سہولیات کا بول کر نجی ہسپتال میں آپریشن تجویز کیا،ورثاء سرکاری ہسپتال میں ہر قسم کے آپریشن کی سہولت موجود ہے ،لواحقین اپنی مرضی سے مریضہ کو نجی ہسپتال لے کر گئے ،ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال

پیر 23 اکتوبر 2017 21:32

میرپور ماتھیلو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2017ء) نجی ہسپتال میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت آپریشن کے دوران خاتون جاںبحق ،ورثا کا ڈاکٹر کے خلاف قومی شاہراہ پر احتجاج ٹریفک معطل۔ مریضہ کو سرکاری ہسپتال لے کر آئے تھے ڈاکٹر نے سرکاری ہسپتال میں آپریشن کی عدم سہولیات کا بول کر نجی ہسپتال میں آپریشن تجویز کیا،ورثا۔سرکاری ہسپتال میں ہر قسم کے آپریشن کی سہولت موجود ہے لواحقین اپنی مرضی سے مریضہ کو نجی ہسپتال لے کر گئے ۔

ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ۔تفصیلات کے مطابق میرپور ماتھیلو کے نجی ہسپتال بھٹائی کلینک پر ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کے باعث 35سالہ خاتون مسمات سناری زوجہ دھنی بخش دستی دوران آپریشن چل بسی ۔ خاتون کے جاںبحق ہونے کے بعد ورثا مشتعل ہو گئے اور نعش ڈی ایچ کیو ہسپتال کے سامنے قومی شاہراہ پر رکھ کر قومی شاہراہ بلاک کر دی جس کے باعث ٹریفک کی آمد رفت معطل ہو گئی ۔

(جاری ہے)

ورثا نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ مریضہ کو میرپور ماتھیلو کے سرکاری ہسپتال لایا گیا تھا جس کے ٹیسٹ ہونے کے بعد سرکاری ہسپتال کے ڈاکٹر کنعیا لعل نے بتایا کہ خاتون کے پیتے میں پتھری ہے جس کا آپریشن سرکاری ہسپتال میں نہیں ہو سکتا ڈاکٹر نے مریضہ کے ورثا کو اس کے نجی ہسپتال میں آپریشن کا مشورہ دیا جس پر لواحقین نے ڈاکٹر کے مشورے پر مریضہ کو نجی ہسپتال میں داخل کر وادیا تاہم غلط آپریشن کے باعث ان کی مریضہ چل بسی ۔

لواحقین نے مطالبہ کیا کہ جب تک مذکورہ ڈاکٹر پر مقدمہ درج نہیں کیا جاتا وہ احتجاج موخر نہیں کریں گے تاہم پولیس کی یقین دہانی کے بعد متاثرین نے قومی شاہراہ سے دھرنا تو ختم کر دیا لیکن نعش ہسپتال کے سامنے رکھے رکھی ۔دوسری جانب میرپور ماتھیلو کے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے میڈیکل سپرٹنڈنٹ مظفر ڈھانی نے ہسپتال میں طبی سہولیات کی عدم سہولیات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں تمام چھوٹے بڑے آپریشن کی سہولت موجود ہے اور ایک ماہ میں تقریباً دو سو کے قریب آپریشن کیے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دوران آپریشن جانبحق ہونے والی خاتون کے ورثا اپنی مرضی سے نجی ہسپتال گئے تھے ۔مذکورہ متاثرین کا تعلق مرید شاخ کے گائوں عبدالرزاق دستی سے ہے ۔واقعہ کا مقدمہ درج نہیں ہو سکا۔

متعلقہ عنوان :