جامعہ کراچی‘ شعبہ نفسیات کے زیر اہتمام ہفتہ ذہنی صحت منایا جائے گا

پیر 23 اکتوبر 2017 21:04

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) جامعہ کراچی کے شعبہ نفسیات کے زیر اہتمام پیر سے ’’ہفتہ ذہنی صحت‘‘ منانے کا آغاز ہو گیا ہے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چیئر پرسن شعبہ نفسیات پروفیسر ڈاکٹر فرح اقبال کے مطابق (آج) 24 اکتوبر کو پوسٹر سازی کا مقابلہ اور کلیہ سماجی علوم کی سماعت گاہ میں پینل ڈسکشن کا اہتمام کیا گیا ہے جو بالترتیب صبح 9:00 بجے اور صبح 11:00 بجے منعقد ہوں گے۔

(جاری ہے)

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان صدارت کریں گے جبکہ رئیس کلیہ سماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر محمد احمد قادری خطاب کریں گے۔ علاوہ ازیں پینل ڈسکشن کے شرکاء میں امن فائونڈیشن کی ڈاکٹرسعدیہ قریشی، سینئر ماہر نفسیات ڈاکٹر عظمیٰ امبرین، ہمدرد یونیورسٹی کے ڈاکٹر ماجد علی عابدی، آغا خان یونیورسٹی کی ڈاکٹر نرگس اسد، شعبہ نفسیات جامعہ کراچی کی روبینہ فیروز، نیوٹریشنسٹ ڈاکٹر عائشہ عباس اور شعبہ نفسیات جامعہ کراچی کی زہرہ برکت علی شامل ہیں۔ مذکورہ پروگرام کے علاوہ ہفتہ ذہنی صحت میں تھیڑیکل پلے،تجرباتی آلات کی نمائش، شخصیت کی تشخیص اور مشاورتی سیشن شامل ہوں گے۔